ٹوئٹر پر ٹرینڈز کی جنگ

انڈیا کی طرف سے کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر پاکستان کے زیرِ انتظام علاقے میں مبینہ شدت پسندوں کے خلاف 'سرجیکل سٹرائیکس' کرنے کے دعوے، اور پاکستان کی تردید کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

یہ کشیدگی بہت حد تک سوشل میڈیا پر بھی صاف نظر آرہی ہے۔ ان دعوؤں کے کچھ گھنٹوں بعد ہی ٹوئٹر پر #SurgicalStrike، #ModiPunishesPakistan، #SadaRehnaPakistanZindabad #FakeIndiaFakeClaim، #TogetherWeStand، اور #IndianArmy جیسے ہیشٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے۔

دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان میں دس میں سے آٹھ ٹاپ ٹوئٹر ٹرینڈز اسی موضوع پر ہو گئے۔

انڈین ٹوئٹر پر کافی حد تک ان دعوؤں کو سراہا گیا اور اس مبینہ حملے کو اوڑی حملے کا صحیح جواب قرار دیا گیا۔ جہاں کچھ لوگ امن اور استحکام کی باتیں کر رہے ہیں وہیں زیادہ تر ٹویٹس میں انڈین فوج کی تعریف کی جا رہی ہے۔

پاکستان کی طرف سے ٹوٹر پر مجموعی طور پر ان دعوؤں کو مسترد کیا جا رہا ہے۔ زیادہ تر لوگ پاکستانی حکام کے اس بیان سے اتفاق کرتے نظر آتے ہیں کہ دراصل یہ سرجیکل سٹرائکس نہیں بلکہ معمول کی کراس فائرنگ تھی جو کہ ایل او سی پر ہوتی رہتی ہے۔ اس کے علاوہ 'سرجیکل سٹرائکس' کے معنی پر بھی کافی بحث ہو رہی ہے۔

ٹوٹر پر اس سارے معاملے میں میڈیا کے کردار پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔ پاکستانی ٹوٹر میں انڈین میڈیا پر کشیدگی بڑھانے اور معمول کی بات کو بڑھا چڑھا کی پیش کرنے کا الزام بھی لگ رہا ہے۔

انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالات بہتر ہوتے ہیں یا نہیں، سوشل میڈیا پر الفاظ کی جنگ فی الحال جاری ہے۔