لسبیلہ: کان میں پھنسے تین افراد کو نکالنے چین سے ٹیم کی آمد

لسبیلہ تصویر کے کاپی رائٹ Peer Bakhsh Kalmati
Image caption کان میں دو چینی انجینیئر اور ایک پاکستانی کان کن پھنسے ہوئے ہیں

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں سیسے کی کان میں پھنسے دو چینی کارکنوں سمیت تین افراد کو نکالنے کے لیے چین سے ماہرین کی ایک ٹیم پہنچ گئی ہے۔

یہ تینوں کارکن گذشتہ سینیچر کو سیسے کی ایک کان میں پھنس گئے تھے۔

ذرائع کے کہنا ہے پیر کو راولپنڈی سے ایک ٹیم آگئی تھی جس نے پھنسے ہوئے تینوں کارکنوں کو نکالنے کے لیے کوششیں کی تھیں لیکن یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ کوششیں کامیاب نہ ہونے پر گذشتہ شب چینی ماہرین کی ایک ٹیم بھی پہنچ گئی جس نے ان افراد کو نکالنے کے کوششیں شروع کی ہے۔

چینی ماہرین نے کان کے اندر ٹھنڈی ہوا پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے لیکن تاحال پھنسے ہوئے کارکنوں کو نہیں نکالا جاسکا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Peer Bakhsh Kalmati
Image caption ماہرین نے کان کے اندر ٹھنڈی ہوا پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا ہے

ذرائع کے مطابق اس دوران لفٹ کی کیبل ٹوٹنے کے باعث ایک پاکستانی کان کن نیچے گرکر پھنس گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے پر کام کرنے والے دو چینی کارکن جو کہ انجنیئر بتائے جاتے ہیں پھنسے ہوئے کان کن کو نکالنے کے لیے اندرگئے لیکن وہ خود بھی پھنس گئے۔

چینی کارکن نیچے گرمی اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے واپس نہیں نکل سکے۔