کراچی پولیس نے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا

کراچی میں ایم کیو ایم کا گڑھ تصور کیے جانے والے علاقے عزیز آباد میں ایک خالی مکان کی پانی کی ٹینکی سے نیٹو افواج کا جدید ترین اسلحہ جس میں طیارہ شکن توپیں بھی شامل ہیں برآمد ہوا ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے زون ویسٹ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر اسلحے کی بڑی تعداد برآمد کرنے والی پولیس ٹیم کے لیے پانچ لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان نشاندہی پر عزیر آباد کے علاقے بلاک ایٹ میں لال قلعہ کے قریب مکان پر چھاپہ مارا جس دوران زیر زمین پانی کی ٹینکی میں چھپایا گیا بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔
اس اسلحے میں طیارہ شکن گنز، سنائپر رائفلیں، بلٹ پروف جیکٹیں، ایس ایم جی، ایل ایم جی، دستی بم، رائفلیں، ہیلمٹ اور بڑی مقدار میں گولیوں اور راکٹ لانچر سمیت دیگر اسلحہ شامل ہے۔
پولیس نے مفرور ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمے کا اندراج کر کے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جنھوں نے پولیس کے سپیشلائزڈ یونٹس سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں و انٹیلی جینس ایجنسیوں کے تعاون سے تلاش کا کام شروع کر دیا ہے۔