بلوچستان میں ایڈز سے متاثرہ 637 مریض رجسٹرڈ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں حکام کے مطابق صوبے میں ایڈز سے متاثرہ رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 637 ہے۔

ایڈز کے عالمی دن کی مناسبت جاری ہونے والے ایک سرکاری اعلامیہ میں ایڈز کے مریضوں کی جو تعداد بتائی گئی ہے ان کی رجسٹریشن دو شہروں کوئٹہ اور تربت میں ظاہر کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایڈز سے متاثرہ مریضوں میں سے 421 کوئٹہ جبکہ 216تربت میں رجسٹرڈ ہیں۔

کوئٹہ میں رجسٹر ہونے والے ایڈز سے متاثرہ تمام افراد کا تعلق کوئٹہ شہر سے ہے یا ان کا تعلق دیگر علاقوں سے بھی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

اس سے قبل سرکاری حکام کی جانب سے یہ بتایا جاتا رہا کہ کوئٹہ کے بعد ایڈز سے متائثرہ مریضوں میں سے زیادہ کا تعلق تربت،ژوب اور قلعہ سیف اللہ سے ہے لیکن اس اعلامیے میں کوئٹہ اور تربت کے سوا کسی اور علاقے کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ژوب اور تربت سے تعلق رکھنے والے مریضوں میں سے زیادہ تر مرد ہیں اور ان کی ایک بڑی تعداد خلیجی ممالک میں کام کرتی رہی ہے۔

اعلامیے کے مطابق بلوچستان کے جیلوں میں ایچ آئی وی کے 384ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سے 9 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی۔

صوبائی کنٹرول پروگرام نے ایچ آئی وی ایڈز سے متاثر ہ مریضوں کے لیے بی ایم سی ہسپتال کوئٹہ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال تربت میں علاج کے مراکز قائم کیے ہیں۔اس کے علاوہ کمیونٹی اور گھر کی سطح پر خدمات کی فراہمی کے مراکز بھی قائم ہیں۔

اسی بارے میں