ستائیس دسمبر کے بعد سڑکوں پر احتجاج ہو گا: بلاول بھٹو

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption اب میں تنگ آگیا ہوں اب ہم اپنا احتجاج خود کریں گے : بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وہ اپنے چار مطالبات منوانے کے لیے ستائیس دسمبر کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے۔

کراچی میں منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد بلاول بھٹو نے خود ہی میڈیا کو بریفنگ دی اور سوالات کے جوابات دیئے۔

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت کو 27 دسمبر کے بعد پتہ جائے گا کہ اپوزیشن کیا ہوتی ہے اور یہ کہ وہ جواب لے کر رہیں گے۔

پیلز پارٹی کے چار مطالبات:

  • قومی سلامتی سے متعلق دونوں ایوانوں پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی تشکیل
  • پاناما سکینڈل کی شفاف تحقیقات
  • چین پاکستان رہداری منصوبے پر آل پارٹیز کانفرنس
  • کل وقتی وزیر خارجہ کی تعیناتی

’جب ہم سڑکوں پر احتجاج کریں گے تو میرا خیال ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں ہمارا ساتھ دیں گی کیونکہ ان مطالبات پر ہمارا اتفاق ہے۔‘

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ، بینظیر بھٹو اور یوسف رضا گیلانی نے خود جا کر عدالتوں کا سامنا کیا ۔'وزیر اعظم لاڑکانہ سے ہو یا کوئٹہ سے، لاہور سے یا پشاور سے سب کے لیے قانون ایک ہو۔'

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اب وہ خود ہی چاروں مطالبات پر عملدرآمد کرائیں گے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی قومی، جمہوری اور عوامی جماعت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ سیاست میں نئے ہیں۔

'مجھے نہیں معلوم کہ دوسرے کس طرح سیاست کرتے ہیں لیکن میں دل سے سیاست کرتا ہوں اور اپنے الفاظ پر قائم رہوں گا، احتجاج ضرور ہوگا۔'