سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر منسوخ نہیں کیا جا سکتا: پاکستان

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستانی دفترِ خارجہ کا کہناہے کہ سندھ طاس معاہدے کو کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر منسوخ یا معطل نہیں کر سکتا اور پاکستان اِس بدلتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں اپنی حکمتِ عملی اپنائے گا۔

پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تناظر میں انڈیا کی سرگرمیوں کا جائزہ لے گا۔ انھوں نے بتایا کہ سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد کے دوران اگر کوئی تنازع پیدا ہو تو اُسے دور کرنے کے لیے ثالثی کا نظام موجود ہے۔

سندھ طاس معاہدے میں کوئی تبدیلی قبول نہیں: پاکستان

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ حقائق جاننے کےلیے مشن کو انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں جانے کی اجازت دینے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے پاکستانی حکومت نے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عافیہ صدیقی کا معاملہ امریکہ کے ساتھ اعلیٰ سیاسی سطح پر اُٹھایا ہے، پاکستان نے اُن کے لیے وکیل کیے ہیں اور پاکستانی اہلکار اُن سے باقاعدگی سے ملاقات کرتے رہے ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اب بھی جب کبھی عافیہ صدیقی کو کوئی مدد چاہیے ہوتی ہے تو اُنھیں فراہم کی جاتی ہے۔

عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سابق سفیر حسین حقانی کو دی جانے والی رقم کے سوال پر ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ اُنھیں اِس معاملے میں معلومات نہیں ہیں۔

پاکستانی دفترِ خارجہ کےترجمان نفیس زکریا نے بتایا کہ پاکستان چین اور روس کے درمیان ہونے والا اجلاس دراصل پہلے سے موجود سہہ ملکی نظام ِکار کا تسلسل ہے اور اِس کامقصد خطے خصوصاً افغانستان میں امن کا قیام ہے اور اِس سلسلے میں افغانستان کو اِس سہہ ملکی نظام میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔

اسی بارے میں