کراچی: افغان محافظ کی فائرنگ سے افغان سفارت کار ہلاک

محمد ذکي عبدہ تصویر کے کاپی رائٹ AFghan Govt
Image caption محمد ذکی عبدہ افغان قونصل خانے میں تھرڈ سیکریٹری تھے

کراچی میں افغان قونصل خانے میں ایک محافظ نے فائرنگ کر کے تھرڈ سیکریٹری محمد ذکی عبدہ کو ہلاک کر دیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کے روز دوپہر کے قریب افغان محافظ ہدایت اللہ نے فائرنگ کر کے افغان قونصل خانے کے تھرڈ سیکریٹری محمد ذکی عبدہ کو ہلاک کر دیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ کلفٹن کے علاقے میں واقع افغان قونصل خانے میں ہی پیش آیا اور محافظ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پاکستان میں افغان سفیر ڈاکٹر عمر ذخیلوال نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر یہ اندرونی تنازعے کا معاملہ لگتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ محافظ کا تعلق بھی افغانستان سے تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption پولیس کے مطابق محافظ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے

ادھر ترجمان سندھ پولیس کے مطابق کلفٹن افغان قونصل خانے میں مبینہ فائرنگ کے واقعے کے بارے میں میڈیا رپورٹوں پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے پولیس کارروائی کی تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایس ایس پی ساؤتھ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کر کے فورینسک تحقیقات کو یقینی بنائیں۔

اسی بارے میں