’حماقت کا یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے‘
جب 10 اپریل کو دو پہر دو بجے کے بعد پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ایک ٹویٹ میں اعلان کیا کہ انڈین بحریہ کے افسر اور 'را' کے مبینہ جاسوس کلبھوشن یادو کو آرمی ایکٹ کے تحت سزائے موت سنائی گئی ہے تو اس کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پورے دن اسی خبر کے چرچے جاری رہے۔
کلبھوشن یادو کو گذشتہ برس مارچ میں انسداد دہشت گردی کی ایک کارروائی کے دوران بلوچستان کے علاقے ماشخیل سے پاکستان کے خلاف جاسوسی اور سبوتاژ کی کارروائیوں میں ملوث ہونے پرگرفتار کیا گیا تھا۔
ٹوئٹر پر جاری ٹرینڈز میں پاکستان کے پہلے دس ٹرینڈز میں سے دو ٹرینڈز کلبھوشن یادو کے بارے میں تھے جبکہ انڈیا سے بھی ایک بڑی تعداد میں لوگ اس فیصلے کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کر رہے تھے۔
دونوں ملکوں کے درمیان موجود سیاسی اور عسکری کشیدگی کا ماحول سوشل میڈیا پر بھی نظر آیا۔
محمد عادل نے پاکستان سے تمسخرانہ ٹویٹ کی کہ 'اب انڈیا فینٹم ٹو فلم بنائے گا جس میں سیف پاکستان میں داخل ہو کر کلبھوشن کو بچائے گا'۔ ان کی ٹویٹ بالی ووڈ کی 2015 میں بنائی گئی فلم فینٹم کے حوالے سے تھی جس میں اداکار سیف علی خان نے 'را' کے ایک ایجنٹ کا کردار ادا کیا تھا جو پاکستان میں داخل ہو کر اپنا مشن پورا کرتا ہے۔
دوسری جانب انڈیا سے انکیت گپتا نے اپنی ٹویٹ میں پاکستانی فیصلے کی شدید مذمت کی ہے اور انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیگ کرکے کہا ہے کہ کلبھوشن یادو کو بچایا جائے۔
ایک اور انڈین سرفراج نواج نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ 'آپ کی قوم کے لیے خدمات کو سلام، ہم سب پر کلبھوشن کا احسان رہے گا۔'
ادھر پاکستان سے عدیل اظہر نے کہا کہ 'ایک دن پاکستان اور انڈیا ایک دوسرے کا ساتھ جینا سیکھ لیں گے اور کلبھوشن اور قصاب سے آگے بڑھ جائیں گے۔ یہ نہ ختم ہونے والی حماقت کا سلسلہ اب ختم ہو جانا چاہیے۔'
انڈیا سے منجری کے ہینڈل سے ٹویٹ کرنے والی صارف نے بھی اس رائے کا اظہار کیا کہ 'پاکستان، یاد رکھو کہ کلبھوشن کو قتل کرنا آخری غلطی ہوگا اور اس کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات میں کبھی بہتری نہیں آئے گی۔'
یاد رہے کہ وزیرِاعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے رواں برس مارچ میں پاکستان کے ایوانِ بالا کو بتایا تھا کہ کلبھوشن یادو کو انڈیا کے حوالے کرنے کا کوئی امکان نہیں اور اُن کے خلاف مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔
فیصلہ آنے کے بعد انڈین وزارت خارجہ نے اپنے احتجاجی مراسلہ میں کہا کہ انڈین حکومت کا کہنا ہے کہ وہ مقدمہ جس کے نتیجے میں کلبھوشن یادو کو سزا سنائی گئی، ان کے خلاف کسی بھی قابلِ اعتبار ثبوت کی غیرموجودگی میں 'مضحکہ خیز' ہونے کے سوا کچھ نہیں۔