’نواز شریف کس کے خلاف جلوس نکال رہے ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ twitter

پاکستان میں سوشل میڈیا میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے جلوس کے حق اور مخالفت میں بیان بازی کی جا رہی ہے۔

اس بحث میں نواز شریف کے خلاف چلائے جانے والے ایک ٹرینڈ میں ایک جانب یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ حکمراں جماعت اپنی ہی حکومت کے خلاف سڑکوں پر ہے تو دوسری جانب #GTroadRally ٹرینڈ پرنواز شریف کے دفاع میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مسلم لیگ نون ہی سیاسی جماعت ہے باقی سب پریشر گروپ ہیں۔

٭ سیاسی طاقت کا مظاہرہ، نواز شریف لاہور روانہ

٭ شہباز شریف پاکستان کے وزیراعظم کیوں نہیں؟

٭ ’اس ملک میں حکمرانی کون کرے گا؟

اس ٹرینڈ پر مریم نواز کی 20 اگست 2014 کو کی گئی اس ٹویٹ کو دوبارہ شیئر کیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ آپ ساری زندگی کنٹینر پر گزار دیں نواز شریف مستعفیٰ نہیں ہوں گے۔

#GTRoad کے ٹرینڈ پر مسلم لیگ نون اور نواز شریف کے حامی جلوس کے حق میں ٹویٹس کر رہے ہیں لیکن اس ٹرینڈ پر تحریک انصاف کے حامی مسلم لیگ نون کے حماتیوں سے زیادہ متحرک ہیں۔

دیا ملک نے جلوس کی تصویر کے ساتھ ٹویٹ کی 'نفرت کرنے والو دیکھو رہے ہو کیا، یہ تو ابھی آغاز ہے۔'

حمزہ شکیل نے ایک تصویر کے ساتھ ٹویٹ کی کہ ’اس سے زیادہ خواتین کی تعداد سیل پر ہوتی ہے۔‘

اس ٹرینڈ پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں کہ آخر سابق وزیراعظم کس کے خلاف جلوس نکال رہے ہیں۔ اسی کے بارے میں ابواب علوی نے ٹویٹ کی کہ حقائق یہ ہیں کہ حکومت میں موجود پارٹی حکومتی جماعت کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ twitter

سرتاج گل وزیر نے ٹویٹ کی کہ 'نواز شریف نے ایک بار پھر سپریم کورٹ ملٹری اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔'

#GTRoad کے ٹرینڈ پرمسلم لیگ کے حامیوں کی جانب سے گاڑیوں اور لوگوں کے رش کی مبینہ طور پر جعلی تصاویر شیئر بھی کی جا رہی ہیں اور ان کے ساتھ لکھا جا رہا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ اور گاڑیاں جلوس میں شامل ہونے جا رہی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ twitter
Image caption لوگ جلوس کی جعلی تصاویر بھی شیئر کر رہے ہیں

ڈاکٹر احمد نے ایک ایسی ہی گاڑیوں کے رش کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ موٹر وے سے مزید گاڑیاں جلوس میں شامل ہونے کے لیے آ رہی ہیں۔

دونوں ٹاپ ٹرینڈز پر جہاں فریقین ایک دوسرے پر جوابی حملے کر رہے ہیں وہیں لوگ سوالات اٹھا رہے ہیں کہ جلوس میں کیوں ٹیکس دینے والوں کے پیسوں کا ضیاع کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوانات