چیف سیلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت

اکیس سالہ امام الحق دو بار انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption اکیس سالہ امام الحق دو بار انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔

بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق کو سری لنکا کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

15رکنی ٹیم کا اعلان جمعے کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے کیا جس کے سربراہ سابق کپتان انضمام الحق ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ امام الحق انضمام الحق کے بھتیجے ہیں۔

اسی سال چیمپیئز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اظہرعلی کو گھٹنے کی تکلیف کے سبب آرام دیا گیا ہے اور امام الحق ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

21 سالہ امام الحق دو بار انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔

وہ انڈر23 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں حبیب بینک کی طرف سے کھیلتے ہیں۔

انضمام الحق کا امام الحق کے سلیکشن کے بارے میں کہنا ہے کہ انھیں ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور ایک نوجوان کی حیثیت سے انھیں ہوم کنڈیشنز میں موقع دیا جا رہا ہے۔

امام الحق نے گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں تین سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 848 رنز بنائے تھے۔ گذشتہ سال ہی انھوں نے ڈپارٹمنٹل ون ڈے ٹورنامنٹ میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 318 رنز سکور کیے تھے جبکہ ریجنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی خاصی مایوس کن رہی تھی اور وہ چار میچوں میں صرف 96 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے تھے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ جس قائداعظم ٹرافی میں امام الحق نے 848 رنز بنائے تھے اسی میں آصف ذاکر نے چار سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 853 رنز سکور کیے تھے جنھیں اس سال ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انھیں کوئی بھی میچ کھیلے بغیر گھر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: سرفراز احمد (کپتان) احمد شہزاد، فخرزمان، محمد حفیظ۔، بابراعظم، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، رومان رئیس، حسن علی، محمد عامر، جنید خان، حارث سہیل اور امام الحق۔

پاکستان اور سری لنکا کے خلاف پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 13 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ابوظہبی میں دو ون ڈے انٹرنیشنل 16 اور 18 اکتوبر کو ہوں گے جبکہ شارجہ 20 اور 23 اکتوبر کو آخری دو ون ڈے انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں