فرانسیسی کوہ پیما خاتون نانگا پربت سے ریسکیو کے بعد اسلام آباد میں

نانگا پربت تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption نانگا پربت نویں بلند ترین چوٹی ہے اور اسے دنیا کی خطرناک ترین چوٹیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے اس کا ایک نام ’قاتل چوٹی‘ (کِلر ماؤنٹین) بھی ہے

دنیا کی خطرناک ترین چوٹیوں میں سے ایک نانگاپربت پر پھنسی ایک فرانسیسی خاتون کو ایک ڈرامائی ریسکیو آپریشن کے بعد اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں پہنچا دیا گیا ہے۔

تاہم الزبتھ ریول کے پولش کوہ پیما ساتھی کی تلاش ختم کر دی گئی ہے۔

ریول اور ٹوماس میکیاوچ 8126 میٹر (26660 فٹ) بلند نانگاپربت کو سردیوں کے موسم میں سر کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ جمعے کے روز 7400 میٹر کی بلندی پر پھنس کر رہ گئے۔

قریب ہی واقع کے ٹو سر کرنے میں کوشاں ایک پولش کوہ پیما ٹیم ان کی مدد کے لیے آ پہنچی اور انھوں نے رات بھر نانگا پربت پر چڑھ کر ریول کو بازیاب کروا لیا۔

ریول کے ایک دوست لوڈوک گیامبیاسی نے اتوار کو فیس بک پر لکھا: 'الزبتھ اسلام آباد کے ہسپتال میں ہیں۔ ان کے ہاتھ اور پیر پالے سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔‘

نانگا پربت نویں بلند ترین چوٹی ہے اور اسے دنیا کی خطرناک ترین چوٹیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے اس کا ایک نام قاتل چوٹی (کِلر ماؤنٹین) بھی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption الزبتھ ریول کے ساتھی کوہ پیما ٹوماس میکیاوچ کو نہیں بچایا جا سکا

پاکستانی فوج کی مدد

پولینڈ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماؤں کی ایک ٹیم موسمِ سرم میں پہلی بار دنیا کے دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ انھیں نانگا پربت پر کوہ پیماؤں کے گم ہونے کی خبر ملی۔

انھیں پاکستانی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر نانگا پربت تک لے آیا اور انھیں گمشدہ کوہ پیماؤں کے آخری معلوم مقام سے ایک ہزار میٹر نیچے چھوڑ دیا۔

ڈینس اروبکو اور ایڈم بیالیکی نے گھٹاٹوپ تاریکی میں چڑھنا شروع کیا جب کہ یاروسلاو بوٹور اور پیوٹر ٹومالا نے کیمپ بنانا شروع کر دیا۔

ریول کو تلاش کرنے کے بعد انھیں نیچے کیمپ تک لے کر آنا بےحد مشکل ثابت ہوا اور اس خطرناک سفر میں ساڑھے پانچ گھنٹے لگے۔

اتوار کی صبح کوہ پیما ٹیم کے فیس بک صفحے پر اعلان کیا گیا: 'الزبتھ ریول مل گئیں۔'

انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔

دوسر ے گمشدہ ساتھی

میکیاوچ ریول سے بچھڑ گئے تھے۔ وہ بھی پالے اور برفانی اندھے پن سے متاثر ہوئے تھے۔

گیامبیاسی نے لکھا: 'بدقسمتی سے میکیاوچ کو بچانا ممکن نہیں تھا۔ موسم اور بلندی کی وجہ سے ان کو بچانے والی ٹیم کی جانوں کو سخت خطرہ درپیش تھا۔

'یہ انتہائی مشکل اور سخت فیصلہ تھا۔ ہم سخت غمزدہ ہیں۔ ہم رو رہے ہیں۔ ان کے خاندان کے ہماری نیک تمنائیں۔'

ان دو کوہ پیماؤں کی بازیابی کے لیے لوگوں نے دسیوں ہزار ڈالر کی رقم بطور چندہ جمع کروائی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP PHOTO/JASMINE TOURS
Image caption پولش کوہ پیما ٹیم کا نانگا پربت پر کیمپ

اسی بارے میں