پاکستان، انڈیا اور افغانستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے

Image caption بدھ کی صبح کو ہی صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں زلزلے کے باعث ایک کمسن بچی ہلاک اور نو افراد زخمی ہوگئے

امریکی ارضیاتی سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق پاکستان، انڈیا اور افغانستان میں بدھ کو 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جبکہ اس سے قبل بلوچستان میں بھی زلزلے سے ایک بچی ہلاک اور نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں جرم کے مقام کے قریب 191 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 12 بج کر سات منٹ (سات بج کر سات منٹ جی ایم ٹی) پر محسوس کیے گئے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) کے مطابق اس زلزلے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے زلزلے کے بعد چترال میں تودے گرنے کا خطرہ ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق زلزلے کے جھٹکے افغان دارالحکومت کابل، پاکستان اور انڈیا کے زیرانتظام کشمیر اور انڈیا میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلہ
Image caption زلزلے کا مرکز افغانستان کے صوبے بدخشاں میں جرم کے قصبے کے قریب 191 کلومیٹر کی گہرائی پر تھا

ایک اور زلزلہ

اس سے قبل بدھ ہی کی صبح بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں زلزلے کے باعث ایک کمسن بچی ہلاک اور نو افراد زخمی ہو گئے۔

لسبیلہ ٹاؤن اور اس کے نواحی علاقوں میں مقامی وقت کے مطابق نو بج کر 59 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کی شدت 4.9 تھی جبکہ زیر زمین اس کی گہرائی 23 کلومیٹر تھی۔

زلزلے کا مرکز بیلہ سے 20 کلومیٹر دور مشرق میں بلوچستان میں تھا۔

یہ بھی پڑھیں!

پاکستان میں زلزلوں کی تاریخ

زلزلہ آئے تو کیا کریں؟

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل نے بتایا کہ زلزلے سے لسبیلہ شہر کے گردونواح میں درجنوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک چھ ماہ کی بچی ہلاک اور مجموعی طور پر زلزلے کے باعث نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے میں ریسکیو کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

لسبیلہ کے ایس ایچ او امین لاسی نے بتایا کہ اب تک لسبیلہ شہر اور اس کو نواحی علاقوں میں زلزلے کے تین بڑے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

Image caption بلوچستان میں زلزلے کے باعث کئی گھروں کو نقصان پہنچا

لسبیلہ کوئٹہ شہر سے جنوب میں بلوچستان کا کراچی سے متصل ضلع ہے۔

سنہ 2013 میں لسبیلہ سے متصل بلوچستان کے ضلع آواران میں ایک تباہ کن زلزلہ آیا تھا جس سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہلاک اور سینکڑوں مکانات متاثر ہوئے تھے۔

اسی بارے میں