فٹبال گراؤنڈ میں غیر قانونی چیمبرز،’عدلیہ مخالف پروگرام‘ پر نجی ٹی وی کو اظہار وجوہ کا نوٹس
پاکستان کے چیف جسٹں میاں ثاقب نثار نے بھی فٹ بال گراؤنڈ پر وکلا چیمبرز کی تعمیر سے متعلق ازخود نوٹس لیا ہے
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجی ٹی وی چینل پر عدلیہ مخالف پروگرام نشر کرنے پر اس پروگرام کے میزبان، پروڈیوسر اور چینل کی مالکہ کو توہین عدالت میں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل وقت نیوز کے پروگرام ’اپنا اپنا گریبان‘ میں پانچ فروری کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں فٹ بال گراؤنڈ پر وکلا کے غیر قانونی چیمبرز کی تعمیر سے متعلق ایک پروگرام نشر ہوا تھا جس میں اس پروگرام کے میزبان مطیع اللہ جان نے الزام عائد کیا کہ وکلا اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی ایما پر فٹ بال گراونڈ پر اپنے چیمبر تعمیر کر رہے ہیں۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے بدھ کو اس کا نوٹس لیتے ہوئے پروگرام کے میزبان مطیع اللہ جان، پروڈیوسر اور چینل کی مالکہ رمیضہ نظامی کو 12 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کے علاوہ اس پروگرام کا سکرپٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے ان افراد کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا ہے کہ کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
پروگرام ’اپنا اپنا گریبان‘ کے میزبان مطیع اللہ جان نے بی بی سی کو بتایا کہ اُنھوں نے پانچ فروری کو نشر ہونے والے پروگرام میں ایسی کوئی بات نہیں کی جس سے عدلیہ کی توہین کا پہلو نکلتا ہو۔
اُنھوں نے کہا کہ اس پروگرام میں ایک وکیل کا بیان نشر کیا گیا تھا جو اُنھوں نے چار سال پہلے ریکارڈ کروایا تھا جس میں وہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وکلا کو سرکاری زمین پر اپنے چیمبر بنانے کا حکم جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے دیا تھا۔
مطیع اللہ جان نے دعویٰ کیا کہ ’جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے کے قریب اُنھیں فون کیا اور کہا کہ انھیں ایسا پروگرام نشر نہیں کرنا چاہیے تھا۔‘
اس پروگرام کے میزبان کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج صاحب سے یہ کہا تھا کہ ایک جج کی حیثیت سے اُنھیں ایک صحافی کو فون نہیں کرنا چاہیے تھا جس کے بعد مطیع اللہ جان کے بقول شوکت عزیز صدیقی نے فون بند کر دیا۔
دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کے مطابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اس سول جج کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی شروع کی تھی جنھوں نے سی ڈی اے کی طرف سے ناجائز تجاوزات گرانے کی مہم میں فٹ بال گراؤنڈ میں وکلا کی طرف سے بنائے گئے چیمبرز گرانے کے خلاف وکلا کو 50 روز کے لیے حکم امتناعی جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے چیف جسٹں میاں ثاقب نثار نے بھی فٹبال گراؤنڈ پر وکلا چیمبرز کی تعمیر سے متعلق ازخود نوٹس لیا ہے۔