میشا شفیع کا الزام جھوٹا ہے، عدالت لے کر جاؤں گا: علی ظفر

میشا شفیع تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption میشا شفیع

پاکستان کی مقبول گلوکارہ، اداکارہ اور ماڈل میشا شفیع نے گلوکار اور اداکار علی ظفر پر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔ علی ظفر نے ایک ٹویٹ کے ذریعے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

میشا شفیع نے آج اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ الزام لگایا تھا۔ یہ ٹویٹ بہت کم وقت میں ایک ہزار سے زیادہ بار شئیر کی جا چکی ہے، اور اس پر آنے والے تبصروں کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER
Image caption میشا شفیع نے ٹوئٹر کے ذریعے علی ظفر پر الزام لگایا ہے۔

#MeToo ہیش ٹیگ کے ساتھ کی جانے والی اپنی ٹویٹ میں میشا شفیع نے لکھا کہ ’میں اس وجہ سے یہ بات شیئر کر رہی ہوں کیوں کہ مجھے لگتا ہے کہ جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کر کے میں خاموشی کی اس روایت کو توڑ سکتی ہوں جو ہمارے معاشرے کا حصہ ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اس طرح کھل کر بات کرنا آسان نہیں ہے لیکن خاموش رہنا اور بھی زیادہ مشکل ہے۔ میرا ضمیر مجھے اب مزید اس کی اجازت نہیں دیتا۔‘

انھوں نے مزید لکھا، ’میری ہی انڈسٹری میں میرے ساتھ کام کرنے والے ایک ساتھی نے مجھے ایک سے زیادہ بار جنسی طور پر ہراساں کیا ہے: علی ظفر نے۔ یہ سب تب نہیں ہوا جب میں چھوٹی تھی، یا انڈسٹری میں نئی تھی۔ یہ میرے ایک پراعتماد، کامیاب، اور چپ نہ رہنے والی عورت ہونے کے باوجود ہوا۔ یہ میرے ساتھ دو بچوں کی ماں ہونے کے باوجود ہوا!‘

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER
Image caption میشا شفیع: یہ تجربہ میرے اور میرے خاندان کے لیے شدید صدمے کا باعث بنا ہے۔

انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ’یہ تجربہ میرے اور میرے خاندان کے لیے شدید صدمے کا باعث بنا ہے۔ میں علی کو کئی سالوں سے جانتی ہوں۔ میں نے ان کے ساتھ کام کیا ہے۔ ان کے اس برتاؤ سے میرے یقین کو چوٹ پہنچی ہے۔ اور میں جانتی ہوں کہ میں اکیلی نہیں ہوں۔

آج میں اس خاموشی کو توڑ کر امید کرتی ہوں کہ یہ اس ملک کی دوسری نوجوان خواتین کے لیے ایک مثال بن جائے گی، کہ وہ بھی ایسا کر سکتی ہیں۔ ہمارے پاس اپنی آوازوں کے سوا اور کچھ نہیں، اور وقت آگیا ہے کہ ہم ان کا استعمال کریں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption علی ظفر

میشا شفیع ایک مقبول گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں بھی کام چکی ہیں۔ علی ظفر کی ہی طرح وہ کوک سٹوڈیو کے ساتھ بھی منسلک رہ چکی ہیں۔

علی ظفر گلوکاری کے علاوہ کئی بالی وڈ فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔ ان کی نئی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ بھی آنے والے مہینوں میں ریلیز ہونے والی ہے۔

وہ پاکستان سپر لیگ سمیت کئی اہم اداروں کے سفیر بھی ہیں۔

اس بارے میں ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے علی ظفر نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ اپنے پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’میں می ٹو نامی عالمی تحریک سے واقف بھی ہوں اور اس کی حمایت بھی کرتا ہوں۔ میں ایک بچی اور بچے کا باپ ہوں۔ ایک بیوی کا شوہر اور ایک ماں کا بیٹا۔

میں مس شفیع کی طرف سے مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات کی مکمل طور پر تردید کرتا ہوں۔ میرا ارادہ اس معاملے کو عدالت میں لے جا کر اس سے سنجیدگی سے نمٹنا ہے نہ کہ یہاں سوشل میڈیا پر الزام تراشی کرکے ’می ٹو‘ تحریک، اپنے خاندان اور فینز کی بےعزتی کرنا۔ مجھے یقین ہے کہ فتح سچ کی ہوگی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER
Image caption علی ظفر نے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

اسی بارے میں