سیاستدان ایسی کتاب لکھتا تو غداری کے فتوے لگ رہے ہوتے: رضا ربانی

سپائی کرانیکلز تصویر کے کاپی رائٹ HarperCollins

سینیٹ کے سابق چیئرمین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کی انڈین خفیہ ادارے را کے سابق سربراہ کے ساتھ مل کر کتاب لکھنے کے اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

’سپائی کرانیکلز:را، آئی ایس آئی اینڈ الوژن آف پیس' نامی یہ کتاب پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی اور انڈین خفیہ ادارے ’را‘ کے سابق سربراہ اے ایس دُلت کے باہمی مکالموں پر مبنی ہے۔

جمعے کو سینیٹ کے اجلاس میں نکتۂ اعتراض پر بات کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ اگر یہ کتاب کسی عام شہری یا پاکستانی سیاستدان نے اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر لکھی ہوتی تو آسمان سر پر اُٹھا لیا جاتا۔

اسی بارے میں

'ریڈ کارپٹ بچھائیے، جنرل باجوہ کو دلی بلائیے'

اُنھوں نے کہا کہ کتاب لکھنے والے سیاستدان پر نہ صرف غداری کے فتوے لگ رہے ہوتے بلکہ اس کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کا نہ رکنے والا سلسلہ بھی شروع ہو جاتا۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق رضا ربانی کا کہنا تھا کہ حیرت کی بات ہے کہ ایک طرف انڈیا اور پاکستان کے تعلقات خراب ترین سطح پر ہیں جبکہ دوسری طرف ایک ایسی کتاب کی رونمائی ہو رہی ہے جو دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے سابق سربراہوں نے لکھی ہے۔

اُنھوں نے سوال اُٹھایا کہ کیا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی نے اپنے ادارے یا وفاقی حکومت سے اس بات کی اجازت لی تھی کہ وہ اپنے انڈین ہم منصب کے ساتھ مل کر کتاب لکھ رہے ہیں؟

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ اگر آئی ایس آئی کے سابق سربراہ نے اجازت لینا ضروری نہیں سمجھا تو کیا اُنھوں نے اس کتاب کے بارے میں وفاقی حکومت یا وزارت دفاع کو آگاہ کیا تھا؟

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption رضا ربانی نے سوال اُٹھایا کہ کیا اسد درانی نے اپنے ادارے یا وفاقی حکومت سے یہ کتاب لکھنے کی اجازت لی تھی

سینیٹ کے سابق چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ کوئی آسان معاملہ نہیں ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان خراب تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔

سینیٹ کے چیئرمین کے استفسار پر وزیر قانون محمود بشیر ورک کا کہنا تھا کہ اُنھیں اس کتاب کی اشاعت کے بارے میں حکومت سے اجازت لینے کے بارے میں علم نہیں ہے۔

سینیٹ کے چیئرمین نے وزیر دفاع سے اس بارے میں جواب طلب کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں