گذشتہ ہفتے کا پاکستان: سپائی کرانیکلز پر تنازع، فاٹا کا انضمام اور عمران خان کو کیا یاد نہیں؟

گذشتہ ہفتے کے پاکستان میں سپائی کرانیکلز پر تنازع، فاٹا کا انضمام اور گرمی کی لہر تصاویر میں

پاکستان
،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی بڑی خبروں میں سے ایک قومی اسمبلی اور سینیٹ سے وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں یعنی فاٹا کے صوبہ خیبر پختونخوا جبکہ صوبوں کے زیرِ انتظام علاقوں یعنی پاٹا کو بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کے لیے آئینی ترمیم کی منظوری تھی۔ اس انضمام کے فیصلے سے جہاں خوشیاں منائی جا رہی ہیں وہاں جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں بعض سیاسی جماعتوں کے علاوہ افغانستان نے بھی قبائلی علاقہ جات کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے افغانستان اور برطانوی راج کے دوران ہونے والے سرحدی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ برصغیر میں برطانوی دورِ حکومت کے دوران بننے والی سرحد جسے ڈیورنڈ لائن کا نام دیا گیا پر پاکستان اور افغانستان شروع سے ہی الگ الگ موقف رکھتے ہیں۔ پاکستان نے افغانستان کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام کی خواہش قرار دیا ہے

،تصویر کا کیپشن

قبائلی علاقہ جات سے متعلق آئینی ترمیم کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان بھی ایک طویل عرصے کے بعد ایوان میں آئے۔ مقامی میڈیا میں ان کا کلپ کافی مقبول ہوا جس میں ان سے پوچھا گیا کہ وہ کتنے عرصے بعد ایوان میں آئے ہیں تو اس پر عمران خان نے کہا کہ انھیں یاد ہی نہیں کہ آخری بار کب آئے تھے۔

،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں گذشتہ ہفتے خفیہ سروس آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل اسد درانی اور را کے سابق سربراہ کے ساتھ مل کر کتاب لکھنے پر زبردست بحث و مباحثہ اور تنازع پیدا ہوا۔ اسی وجہ سے جنرل اسد درانی کو وضاحت کے لیے جی ایچ کیو طلب کیا گیا ہے۔

،تصویر کا کیپشن

’سپائی کرانیکلز:را، آئی ایس آئی اینڈ الوژن آف پیس' نامی کتاب کے بارے میں سینیٹ کے سابق چیئرمین رضا ربانی نے کہا کہ اگر یہ کتاب کسی عام شہری یا پاکستانی سیاستدان نے اپنے کسی بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر لکھی ہوتی تو لکھنے والے سیاستدان پر غداری کے فتوے لگ رہے ہوتے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے تو اس کتاب پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔

،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں تنازعات، سیاسی بیان بازی کے ماحول میں کافی دنوں سے عام انتخابات کی تاریخ کے بارے میں پیشنگوئیاں کی جا رہی تھیں۔ سنیچر کو صدر ممنون حسین نے ملک میں 25 جولائی 2018 کو عام انتخابات کروانے کی منظوری دے دی تاہم ابھی تک حکومت اور حزب اختلاف میں نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہیں ہو سکا۔

،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں سیاست کی سرگرمیوں کے دوران ایک بین الاقوامی ایونٹ کا انعقاد بھی ہوا۔ پہلی بار شنگھائی تعاون تنظیم کا انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے تین روزہ خصوصی اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوا جس میں اعلیٰ سطح کا انڈین وفد پہلی بار شریک ہوا۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث اس سطح پر بات چیت طویل مدت بعد ہوئی۔ تجزیہ کار انڈیا کی شرکت کی ایک وجہ بیجنگ اور ماسکو کو سمجھتے ہیں۔

،تصویر کا کیپشن

اعلیٰ سطح کا انڈین وفد اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کے لیے آیا لیکن دونوں ممالک کے درمیان ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی کم نہ ہو سکی۔ جس میں دونوں جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے اور ورکنگ باؤنڈری کی دونوں جانب عام شہریوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں سکیورٹی ایجنسیوں پر سائبر حملے کے الزامات سامنے آ چکے ہیں لیکن اب فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے انٹرنیٹ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئی ایس پی آر کے نام سے ملنے والی جعلی ای میل سے ہوشیار رہیں۔ انٹر نیٹ صارفین میں ایک پیغام گردش کر رہا تھا کہ فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور اپنے مداحوں سے ملنا چاہتے ہیں اس لیے ملنے کے خواہشمند invite@ispr.press کے ای میل پتہ پر درخواستیں بھیجیں۔ دوسری جانب گذشتہ ہفتے ہی اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے عملے کے ارکان کو گوگل کی طرف سے وارننگ ملی تھی کہ ان کے اکاؤنٹ 'سرکاری پشت پناہی' سے ہیک کیے جا رہے ہیں۔

،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں کافی دنوں سے جاری عافیہ صدیقی کی موت کی افواہیں اس وقت ختم ہوئیں جب امریکی شہر ہوسٹن میں قائم سفارت خانے نے بیان جاری کیا کہ قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے ریاست ٹیکساس میں واقع جیل ایف ایم سی کارسویل میں پاکستانی شہری عافیہ صدیقی سے ملاقات کی جو دو گھنٹے جاری رہی۔

،تصویر کا کیپشن

امریکی ریاست ٹیکساس کے سینٹا فے ہائی سکول میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی آخری رسومات کراچی میں ادا کر دی گئیں۔

،تصویر کا کیپشن

احمدی برادری کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا۔ جماعتِ احمدیہ کے ترجمان کے مطابق پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے کشمیری محلے میں واقع احمدی برادری کی ایک عبادت گاہ پر مشتعل ہجوم نے حملہ کر کے عمارت کو شدید نقصان پہنچایا۔ احمدی برادی کے لیے اس مکان اور عبادت گاہ کی اہمیت اِس لیے بھی ہے کہ جماعت احمدیہ کے بانی مرزا غلام احمد سیالکوٹ میں اپنے دورِ ملازمت میں اِس مکان اور عبادت گاہ کو استعمال کیا کرتے تھے۔

،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں ایک اور اقلیتی برادری کے بارے میں یہ خبر کہ مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کراچی کے آرچ بشپ جوزف کوٹس کو 'کارڈینل' بنانے کا اعلان کیا۔ آئندہ ماہ ویٹیکن میں ایک تقریب میں انہیں باقاعدہ کارڈینل کے عہدے پر فائز کیا جائے گا

،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں ماہ صیام میں جہاں افطاریوں کی دعوتیں مل رہی ہیں تو وہیں اس ماہ غریب لوگوں میں مفت راشن تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس طرح کے مناظر اکثر شہروں میں دیکھنے میں آتے ہیں جہاں راشن کی تقسیم کے دوران شدید بدنظمی دیکھنے میں آتی ہے۔ ماضی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے ہلاکتوں کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں

،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں سیاسی پارہ ہائی ہے تو اگر موسم کی بات کی جائے تو گرمی کی لہر نے بھی عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔ میدانی علاقوں کے علاوہ ساحلی شہر کراچی میں گرمی کی لہر جاری ہے۔ وہاں گرمی کتنی پڑ رہی ہے اس تصویر سے اندازہ لگانا زیادہ مشکل نہیں

،تصویر کا کیپشن

جب چاروں طرف گرمی کی باتیں کی جاری ہیں تو پاکستان کے سرکاری پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے دنیا کی بلند ترین چوٹیوں سے ایک راکا پوشی کی یہ تصویر جاری کی۔ مقامی زبان میں اسے دومانی یعنی بادلوں کی ماں کہا جاتا ہے۔ گرمی سے پریشان لوگوں کو اس تصویر سے راحت ملے گی یا مزید گرمی محسوس ہو گی۔۔۔۔۔۔

،تصویر کا کیپشن

راکا پوشی سے سینکڑوں کلومیٹر دور بلوچستان کے ساحلی علاقے گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں ناکارہ بحری جہاز کو سکریپ میں تبدیل کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔ گڈانی میں جہاز کو سکریپ میں تبدیل کرنے کے دوران کئی جان لیوا حادثات پیش آ چکے ہیں۔ گڈانی میں 1970 سے ناکارہ بحری جہازوں کو لا کر انھیں سکریپ میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی لوہے کی کل کھپت میں سے 25 فیصد یہ صنعت فراہم کرتی ہے

،تصویر کا کیپشن

اگر بات کی جائے کھیل کی تو لندن میں لارڈز کے تاریخی میدان پر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم نظر آتی ہے

،تصویر کا کیپشن

پاکستان میں کرکٹ شائقین کے لیے ایک اچھی خبر یہ آئی کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے خواتین کی ٹیم بنانے کا اعلان کیا اور اس کا پہلا کیمپ آبیٹ آباد میں لگایا جا رہا ہے