عمران خان کی ’نازیبا‘ زبان استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی

عمران خان تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کو انتخابی مہم کے دوران سیاسی مخالفین کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو اس معاملے پر جمعرات کی صبح طلب کیا تھا تاہم وہ خود پیش نہیں ہوئے بلکہ ان کی نمائندگی ان کے وکیل بابر اعوان نے کی۔

اسی بارے میں پڑھیں!

’وزیراعظم عمران خان‘

قرۃالعین بلوچ نے عمران خان کو گالی کیوں دی؟

’انٹرویو نے تو پاکستان میں طوفان برپا کر دیا‘

الیکشن کمیشن میں سندھ کے رکن عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے معاملے کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ تحریکِ انصاف کے چیئرمین نے ایک جلسے میں ایک جماعت کے کارکنوں کو نامناسب لفظ سے پکارا تو بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ایسا صرف عمران خان ہی نہیں کر رہے۔

بابر اعوان نے کمیشن کے سامنے سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ویڈیو چلا کر بھی دکھائی۔

اس پر انھیں کہا گیا کہ وہ اپنے نوٹس کا جواب دیں اور ’جب بڑے رہنما ایسی زبان استعمال کرتے ہیں تو دنیا میں اچھا تاثر نہیں جاتا۔‘

الیکشن کمیشن نے کہا کہ عمران خان ایسی زبان استعمال نہیں کر سکتے۔ اس پر بابر اعوان نے عمران خان کی جانب سے تحریری یقین دہانی کروائی کہ وہ آئندہ ایسی زبان استعمال نہیں کریں گے جس کے بعد سماعت عام انتخابات کے بعد تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

پاکستان میں عام انتخابات میں صرف ایک ہفتہ رہ گیا ہے اور تمام جماعتوں کے رہنما اور امیدوار سرگرمی سے انتخابی چلا رہے ہیں، جس کے دوران بعض اوقات وہ اخلاق سے گری ہوئی زبان استعمال کر لیتے ہیں۔

عمران خان نے گذشتہ ہفتے ایک جلسے کے دوران اپنی حریف جماعت مسلم لیگ ن کے حامیوں کو 'گدھا' کہا تھا جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔

پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو نے اس بارے میں کہا تھا کہ یہ رجحان ملک کی جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے، جب کہ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی تھی کہ وہ عمران خان کی تقاریر پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے۔

تحریکِ انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق پر بھی الزام ہے کہ انھوں نے جلسوں میں نازیبا زبان استعمال کی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں