فخر زمان ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے

فخر زمان تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption فخر زمان پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری اور سب سے بڑا انفرادی سکور بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں

زمبابوے کے خلاف چوتھے ایک روزہ کرکٹ میچ میں فخر زمان کی ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا مجموعی سکور بنایا اور جواب میں زمبابوے 155رنز بنا سکا۔

پاکستان کے 399 رنز کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 42.4 اوورز میں 155رنز بنا سکی اور پاکستان نے سیریز کا چوتھا میچ 244 رنز سے جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے چار، عثمان اور فہیم نے دو دو جبکہ جیند خان اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے پہلے بلاوایو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔

اس سے قبل ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کا سب سے بڑا سکور 385 تھا جو اس نے بنگلہ دیش کے خلاف بنایا تھا۔

پاکستان کی اننگز میں فخر زمان ڈبل سنچری بنانے کے بعد 210 کے سکور پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ان کا ساتھ دینے والے آصف علی نے 22 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption فخر زمان ڈبل سنچری بنانے کے بعد 210 کے سکور پر ناٹ آؤٹ رہے

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور 304 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ یہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ کے لیے بہترین اور ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کی چوتھی سب سے بڑی شراکت ہے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 304 کے سکور پر گری جب امام الحق آٹھ چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔

'عثمان شنواری ہیٹ ٹرک کر جاتے لیکن ۔۔۔'

'ایسے کیسے ورلڈکپ کی تیاری ہو گی؟`

فخر زمان نے دھواں دھار بلے باری جاری رکھی اور وہ پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔

اس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی سکور بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ انھوں نے سعید انور کا ریکارڈ توڑا جو انھوں نے انڈیا کے خلاف 194 رنز کی اننگز کھیل کر قائم کیا تھا۔

فخر زمان نے یہ ڈبل سنچری 23 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption امام الحق 113 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے

چوتھے میچ کے لیے پاکستان نے وہی ٹیم میدان میں اتارتی جس نے تیسرا میچ کھیلا تھا جبکہ زمبابوے نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ پرنس مسوئر اور چیمو چبھابھا کی جگہ تناشے کمنہوکموے اور ڈونلڈ ٹریپینو کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو تین صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

پیر کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔

پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 201 رنز جبکہ دوسرے میچ میں نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں