پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا

عمران خان تصویر کے کاپی رائٹ IMRAN KHAN/ FACEBOOK

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ایوانِ صدر اسلام آباد میں حلف اٹھا کر باضابطہ طور پر پاکستان کے 22 ویں وزیرِ اعظم بن گئے ہیں۔

صدرِ مملکت ممنون حسین نے سنیچر کو عمران خان سے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لیا۔

پاکستان کی قومی اسمبلی نے گذشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کو وزیرِ اعظم منتخب کیا تھا۔ انھوں نے 176 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے حریف شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے تھے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

’عمران خان کے چاہنے والوں کو کوئی بھی مذاق برا لگے گا‘

’وزیراعظم عمران کے سامنے عوام کی توقعات کا پہاڑ ہے‘

عمران خان وزیراعظم منتخب،کڑے احتساب کا اعلان

دنیا کا سب سے ’ہینڈسم‘ وزیرِ اعظم کون؟

تقریب میں شرکت کے لیے ایوانِ صدر میں نگران وزیرِ اعظم ناصر الملک، اہم سیاسی شخصیات، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفارت کار، صحافی اور دوسرے افراد شامل تھے۔

اس موقعے پر تحریکِ انصاف کے سرکردہ رہنماؤں کے علاوہ سنہ 1992 میں کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ انڈیا سے سابق کھلاڑی نوجوت سنگھ سندھو بھی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

اس موقعے پر مختلف شخصیات کی جانب سے عمران خان کو مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ یہ ہماری قوم کے لیے تاریخی دن ہے۔ کرکٹر شعیب اختر نے ٹوئٹر پر کہا: ’عمران خان کو پاکستان کا 22 واں وزیرِ اعظم بننے پر مبارک باد۔ آپ کو نیا پاکستان بنانے اور ملک کو نئے عہد میں لے جانے پر نیک تمنائیں۔‘

اداکارہ ماورا حسین نے کہا کہ ’میرے آنسو نہیں رک رہے۔ اس دن کے لیے بہت لمبا انتظار کیا۔‘

اسی بارے میں