پاکستان کی نئی وفاقی کابینہ کے 16 وزیروں نے حلف اٹھا لیا

تصویر کے کاپی رائٹ PTV

پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں صدر پاکستان ممنون حسین نے 16رکنی کابینہ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان سمیت حکمراں جماعت تحریک انصاف اور اسی کی اتحادی جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان نے 16 وزرا اور پانچ مشیروں پر مشتمل 21 رکنی وفاقی کابینہ کی منظور دے دی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا نام وزیر برائے اطلاعات و نشریات کے طور پر منظور کیا گیا ہے اور انھوں نے 20 رکنی کابینہ کے ناموں کا اعلان ٹوئٹر پر کیا تھا۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

20 رکنی کابینہ کی منظوری، وزیر داخلہ کا اعلان نہیں

عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا

نئے پاکستان کے پہلے سو دن کیسے ہوں گے؟

منظور کردہ کابینہ کے مطابق شاہ محمود قریشی وزارت خارجہ کا قلمدان سنھالیں گے تاہم وزیرِ داخلہ کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔

خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو وزیر دفاع کا قلمدان دیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں اتحادی جماعتوں کو بھی شامل کیا ہے اور ان کو چھ اہم وزارتیں سونپی ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو دو وزارتیں دی گئی ہیں، وزارت قانون اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو ریلوے کی وزارت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رہنما ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی رکن اسمبلی زبیدہ جلال کو دفاعی پیداوار کی وزارت دینے کی منظوری دی گئی۔

بہاولپور کے حلقے این اے 172 سے منتخب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ ق کے چوہدری طارق بشیر چیمہ کو ریاستی و سرحدی امور کی وزارت سونپی گئی ہے۔

وزرا اور وزارتیں

نام جماعت وزارت
ڈاکٹر محمد فروغ نسیم ایم کیو ایم پاکستان قانون و انصاف
چوہدری طارق بشیر چیمہ مسلم لیگ ق ریاستی و سرحدی امور
نور الحق قادری پی ٹی آئی مذہبی امور
ڈاکٹر شیریں مزاری پی ٹی آئی انسانی حقوق
غلام سرور خان پی ٹی آئی پیٹرولیم
زبیدہ جلال بلوچستان عوامی پارٹی دفاعی پیداوار
فواد احمد چودھری پی ٹی آئی اطلاعات و نشریات
عامر محمود کیانی پی ٹی آئی صحت
مخدوم شاہ محمود حسین قریشی پی ٹی آئی خارجہ
پرویز خٹک پی ٹی آئی دفاع
اسد عمر پی ٹی آئی خزانہ
شیخ رشید احمد عوامی مسلم لیگ ریلوے
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس بین الصوبائی رابطہ
خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی
شفقت محمود پی ٹی آئی تعلیم
خسرو بختار پی ٹی آئی آبی وسائل

وزیراعظم کے پانچ مشیر

نام مشیر
شہزاد ارباب اسٹیبلشمنٹ
عبدالرزاق داؤد تجارت، ٹیکسٹائل، صنعتی پیداوار
ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات
امین اسلم ماحولیاتی تبدیلی
بابر اعوان پارلیمانی امور

اسی بارے میں