وزیر اعظم عمران خان کی کیرالہ سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش

عمران خان تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER.COM/IMRANKHANPTI
Image caption عمران خان نے کیرالہ کے عوام کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر انڈین ریاست کیرالہ میں آنے والے سیلاب پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور امداد فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔

اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی جانب سے سیلاب کے متاثرین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور کسی بھی قسم کے امداد کی پیشکش کرتے ہیں۔'

واضح رہے کہ کیرالہ میں آنے والے سیلاب ریاست میں اس صدی کے سب سے تباہ کن سیلاب ہیں جس میں اب تک 400 سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دس لاکھ سے زیادہ لوگ عارضی کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption کیرالہ میں آنے والا سیلاب ریاست میں اس صدی کے سب سے تباہ کن سیلاب ہے

اس بارے میں مزید پڑھیے

کیرالہ: سیلاب میں گھرے 22 ہزار افراد کو بچا لیا گیا

انڈیا: حالیہ سیلاب اس قدر شدید کیوں تھے؟

حکام کے مطابق انڈیا کی ریاست کیرالہ میں بارشیں تھمنے کے بعد 22 ہزار کے قریب افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق درجنوں کشتیاں اور نیوی کے 51 جہاز محصور ہونے والے افراد کے انخلا کے آپریشن میں شریک ہیں، اس دوران مقامی مچھیروں نے ان کارروائیوں میں ان کی مدد کی۔

ہیلی کاپٹروں نے ان علاقوں میں اشیائے ضرورت پہنچائیں جو مسلسل بارشوں کے باعث دو ہفتوں سے باقی دنیا سے کٹے ہوئے تھے۔

اس وقت ہزاروں کی تعداد میں افراد سیلابی پانی میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جن کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر امدادای کارروائیاں جاری ہیں۔

کیرالہ میں کئی ہفتوں تک جاری رہنے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے گرنے اور بارشوں کے نتیجے میں آنے سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔

حکومت کے مطابق ہے کہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ریاست میں اب تک 10000 کلومیٹر تک کی سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں جبکہ یہ کہا گیا ہے کہ 5000 مکانات بھی تباہ ہو گئے ہیں۔