عمران خان کی جانب سے کفایت شعاری کا آغاز، لگژری گاڑیوں کی نیلامی کا عمل شروع

لگژری گاڑیاں

،تصویر کا ذریعہGovt of Pakistan

وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے کفایت شعاری کی مہم کے آغاز کے طور لگژری گاڑیوں کے نیلام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

آج کے اخباروں میں 102 گاڑیوں کی نیلامی کا اشتہار دیا گیا ہے، جن میں 28 مرسیڈیز اور آٹھ بی ایم ڈبلیو گاڑیوں کے علاوہ لیکسس، لینڈ کروزر، پجیرو اور دوسرے برینڈز کی گاڑیاں شامل ہیں۔

مشتہر گاڑیوں کی فہرست میں 27 بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں اور ان کی نیلامی 17 ستمبر کو ایوانِ وزیرِ اعظم میں ہو گی۔

اشتہار میں کہا گیا ہے کہ گاڑیاں صرف اسی صورت میں فروخت کی جائیں گے اگر ان کی نیلامی کی رقم گاڑی کی مارکیٹ ویلیو سے زیادہ ہو۔

عمران خان نے وزیرِ اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ وہ ایوانِ وزیرِ اعظم کی 88 لگژری گاڑیوں کو نیلام کر دیں گے، تاہم اشتہار میں 59 گاڑیاں ہی ایسی ہیں جنھیں 'لگژری' گاڑیاں قرار دیا جا سکتا ہے۔ ان میں سے بھی کئی بہت پرانی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

مثلاً جن مرسیڈیز گاڑیوں کی نیلامی ہونا ہے، ان میں سے 1993 ماڈل کی 14 گاڑیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک سوزوکی جیپ ایسی ہے جو 32 سال پرانی ہے، یعنی 1986 ماڈل کی۔

گاڑیوں کی فہرست میں دس بلٹ پروف لگژری گاڑیاں ایسی ہیں جو فوجی صدر پرویز مشرف کے دور میں خریدی گئی تھیں، جب کہ نواز شریف کے حالیہ دور میں بظاہر نو بلٹ پروف لگژری گاڑیاں خریدی گئی ہیں۔