سی پیک ترجیحات میں شامل ہے: نئی حکومت کی چین کو یقین دہانی
پاکستان نے چین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری تحریکِ انصاف کی حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔
پاکستان کی جانب سے یہ یقین دہانی ہفتے کے روز اسلام آباد میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی کے درمیان ملاقات میں کی گئی۔
چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیرخارجہ وانگ یی ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آیا ہوا ہے۔
اسی بارے میں
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
انھوں نے کہا کہ سی پیک اس بات کا ثبوت ہے کہ چین کا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مدد سے کس قدر سہل ثابت ہو سکتا ہے۔'
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ یی کے ہمراہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی جلد ازجلد تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔
ادھر پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر پر کہا کہ چین کے وزیرخارجہ نے پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے اپنے ملک کے بھرپور تعاون پرزوردیا ہے۔
دفترِ خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات کے دوان دونوں ملکوں کے وفود نے دوطرفہ تعلقات، سی پیک اور دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ چینی وفد نے وزیراعظم عمران خان کو چین میں انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی ہے۔