العزیزیہ کیس: اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کے لیے میڈیکل ریکارڈ طلب کر لیا

نواز شریف تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption نواز شریف نے طبی بنیاد پر العزیزیہ سٹیل ملز مقدمے میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم اور پارلیمنٹ میں حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف کی ضمانت کی درخواست پر قومی احتساب بیورو اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق عدالت نے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹینڈنٹ سے نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس اور میڈیکل بورڈ کی تجاویز کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے طبی بنیادوں پر العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے میں ضمانت دینے کے بارے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے اس درخواست کی سماعت کی۔

یہ بھی پڑھیے

نواز شریف کوٹ لکھپت کیوں منتقل ہوئے؟

نواز لیگ کا سیاسی مستقبل کیا ہوگا؟

نواز شریف کی کیا اس مرتبہ بھی سزا معطل ہو سکے گی؟

سابق وزیر اعظم کے وکیل خواجہ حارث نے ضمانت کی درخواست کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کی جسمانی حالت ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ سے ان کے اہلخانہ کو شدید تشویش لاحق ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نہ صرف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں بلکہ ان کو شوگر اور دیگر مرض بھی لاحق ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ ان کے موکل کا کوٹ لکھپت جیل میں متعدد بار طبی معائنہ بھی ہو چکا ہے جبکہ میڈیکل بورڈ نے ان کی بیماریوں کے بارے میں ایک بڑا میڈیکل بورڈ بنانے کی بھی سفارش کر رکھی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل نہ صرف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں بلکہ ان کو شوگر اور دیگر مرض بھی لاحق ہیں

یہ بھی پڑھیے

’ نواز شریف حاضر ہوں‘

نواز شریف اور عدالتیں

نواز شریف کا متبادل کون؟

خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں ان کے موکل کی ضمانت کی درخواست کو منظور کیا جائے جبکہ احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل پہلے ہی سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’پہلے اس بارے میں مجرم کی میڈیکل رپورٹس آجائیں تو پھر اس معاملے کو دیکھا جائے گا‘۔

عدالت نے 6 فروری کو نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 24 دسمبر سنہ 2018 کو العزیزیہ سٹیل ملز کے مقدمے میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو سات سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں اُنھیں عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا تھا۔

میاں نواز شریف کی درخواست پر ہی عدالت نے انھیں اڈیالہ جیل کی بجائے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

اسی بارے میں