اسد عمر: پاکستان اور آئی ایم ایف معاہدے کے قریب

پاکستان آئی ایم ایف تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ نے دوبئی میں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی

پاکستان کے وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے قرضہ ملنے کے قوی امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ اُن کے مطابق، آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھا ہے۔

پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں میں کسی بحران سے بچنے کے لیے اس قرضے کی شدید ضرورت ہے۔

گذشتہ روز پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان اور آئی ایم ایف کی سربراہ کریسٹین لیگارڈ کی دبئی میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں زرمبادلہ کے کم ہوتے ہوئے ذخائر کے بارے میں مذاکرات ہوئے۔

اب تک یہ ذخائر گر کر آٹھ ارب ڈالرز تک پہنچ چکے ہیں جو صرف دو ماہ کی درآمدات کی ادائیگیاں کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کریڈٹ ریٹنگ میں کمی ’معاشی عدم استحکام کی نشانی‘

دوست ملک اور آئی ایم ایف سے قرض لینے میں کیا فرق ہے؟

’پاکستان جن حالات میں ہے اس کی وجہ چینی قرضہ ہے‘

آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ 'اس ملاقات میں ہم نے حالیہ اقتصادی پیش رفت اور پاکستان کے حوالے سے آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات کی پیش رفت پر بات چیت کی۔'

’میں اس بات کو دہراتی ہوں کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے۔ میں ان فیصلہ ساز پالیسیوں اور اقتصادی اصلاحات کے پیکیج کی بھی نشاندہی کرتی ہوں جو پاکستان کے مالی استحکام کو بحال کرے گا اور پسماندہ طبقوں سمیت سب کی ترقی کیلئے ترقی ایک بنیادی ڈھانچہ بنائے گا۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

آئی ایم ایف کی سربراہ نے مزید کہا کہ 'جیسا کہ نئی حکومت کے پالیسی ایجنڈا میں کہا گیا ہے کہ غریب کو تحفظ دینا، بہتر گورننس کو موثر بنانا اور پائیدار انداز میں عام لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا پاکستان کی کلیدی ترجیحات ہیں۔'

دبئی میں ہونے والی ملاقات میں دونوں نے مذاکرات کے سلسلے کو جاری رکھنے کا عزم کیا۔

اگرچہ تاحال آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے مذاکرات میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی ہے لیکن اسد عمر کا کہنا ہے کہ اب دونوں کے درمیان ایک معاہدہ ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔

'ہمارے اختلافات اب بہت کم ہو چکے ہیں،' یہ کہتے ہوئے انھوں نے پشاور کی بزنس کمیونٹی کو بتایا کہ 'اب دکھائی دے رہا ہے کہ ہم ایک معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔'

اصلاحات پر اختلافات

پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ قرضے کے حصول کیلئے مذاکرات گذشتہ برس اگست میں پی ٹی آئی کی حکومت کے بنتے ہی شروع ہو گئے تھے لیکن دونوں کے درمیان اصلاحات کی نوعیت اور رفتار پر اختلافات کی وجہ سے امدادی پیکیج پر معاہدہ پھنسا ہوا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption پاکستان کے وزیرِ خزانہ کا کہنا ہے کہ اصلاحات پر آئی ایم سے اب اختلافات کم ہو رہے ہیں۔

آئی ایم ایف کا اصرار ہے کہ پاکستان ٹیکس کی وصولی کے نظام کو بہتر کرے، بیرونی ممالک کی کرنسیوں کے ذخائر میں اضافہ کرے اور بیرونی ادائیگیوں اور آمدن میں خسارے کو کم سے کم کرنے کی کوشش کرے جو اس برس پانچ فیصد سے بڑھ جانے کا امکان ہے۔

پاکستان کے حکام کا موقف ہے کہ وہ اصلاحات کیلئے راضی ہیں لیکن ایسی شرائط قبول نہیں کرنا چاہتے ہیں جن کی وجہ سے اقتصادی ترقی کے راستے مسدود ہو جائیں، کیونکہ اس برس پہلے ہی سست شرح نمو، یعنی پانچ اعشاریہ دو فیصد سے کم ہو کر چار فیصد کا ہدف ہے۔

عمران خان بیرونی قرضوں کے خلاف رہے ہیں۔ ایک بار انھوں نے کہا تھا کہ وہ آئی ایم ایف سے قرضہ مانگنے کے بجائے خودکُشی کرنا بہتر سمجھیں گے۔

تاہم پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر کی کمی نے اور بیرونی ادائیگیوں اور آمدن کی کمی کی وجہ سے انھیں مجبور ہونا پڑ رہا ہے کہ وہ بین الاقوامی مدد حاصل کریں۔

اب جبکہ آئی ایم ایف سے پاکستان کا کوئی معاہدہ طے نہیں پایا ہے، پاکستان اپنی کوششوں سے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے عرب اتحادی ممالک اور دیرینہ دوست چین کی مدد سے اب تک دس ارب ڈالرز کے قرضے یا تو حاصل کرچکا ہے یا ان کے انتظامات کرچکا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption موڈیز نے بھی پاکستان کے بینکوں کی مالیاتی ساکھ کی ریٹنگ کم کی ہے۔

پاکستان کی گرتی ہوئی ساکھ

پاکستان کی کمزور مالیاتی حالات اس بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ مالی ساکھ کو ماپنے والی بین الاقوامی ریٹنگ ایجینسی موڈیز نے پاکستان کے بینکاری کے نظام کی ریٹنگ کم کردی ہے۔

انھوں نے اس کی وجہ ان بینکوں کے پاس سرکاری بانڈز کی تعداد بڑھ جانے کو بتایا ہے جس کی وجہ کم شرح سود پر ان بانڈز کو خریدنا ہے۔

موڈیز کا کہنا ہے کہ دسمبر سنہ 2017 سے لے کر فروری سنہ 2019 تک پاکستانی روپہ کی قیمت امریکی ڈالرز کے مقابلے میں تیس فیصد گری جبکہ اسی دوران شرحِ سود 450 بیسِس پوائنٹ بڑھی ہے۔

اس کے علاوہ افراطِ زر میں اضافہ ہوا ہے اور یہ وہ تمام باتیں ہیں جو سرمایہ کار کے اعتماد کو کمزور کرتی ہیں۔

اس سے پہلے ایک اور ریٹنگ ایجنیس سٹینڈرڈ اینڈ پُور بھی پاکستان کی ریٹنگ کو یہ کہتے ہوئے کم کرچکا ہے کہ اقتصادی شرخ نمو کم ہے اور بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں