کوئٹہ میں موسم بہار کی آمد پر رنگ برنگے پھولوں کی نمائش
موسم بہار کو خوش آمدید کہنے کے لیے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں خوبصورت پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جہاں شہر بھر سے لوگ ان دلکش مناظر سے لطف اندوز ہونے پہنچ گئے۔
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کی جانب سے تین روزہ نمائش کا افتتاح وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کیا۔ اس نمائش میں مختلف قسم کے رنگ برنگے پھول رکھے گئے۔
نمائش میں موجود پھولوں اور پتوں کے ساتھ خوبصورتی سے ترتیب دیا گیا انسانی شکل کا ایک گملہ۔
نمائش کا مقصد عوام کو صحت مندانہ تفریح کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان میں باغبانی کا شوق بھی اجاگر کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں نو سال بعد اس نمائش کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت اس شعبے سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کرے گی اور انھیں تجارتی بنیادوں پر پھولوں کے استعمال کے لئے سہولیات دی جائیں گی
نمائش پر آنے والی ایڈووکیٹ نورین فاطمہ نے کہا کہ اس نمائش کو دیکھ کر انھیں بہت اچھا لگا۔ انھوں نے کہا کہ وہ ایک وکیل ہیں پورے دن کورٹس میں چکر لگا کر ان کا دل اکتا جاتا ہے لیکن اس نمائش میں قدرت کی خوبصورتی دیکھ کر ان کا دل باغ باغ ہو گیا۔
پھولوں کو دیکھنے کے لیے آنے والی خیر النساء نے نمائش کے انعقاد کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی نمائشوں کا انعقاد ہر وقت ہونا چاہییے جس سے لوگوں میں اپنے گھروں میں پودے لگانے کا شوق بڑھے
نمائش میں شریک ایک چھوٹی بچی باغ بان کے ہاتھوں میں موجود اپنی پسند کے خوبصورت پھولوں کا معائنہ کر رہی ہے