پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات: معاشی مشکلات سے چھٹکارا یا مہنگائی کا ایک نیا طوفان؟

آئی ایم ایف تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

جمعہ کے روز پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے تاہم انھوں نے عوام کو یقین دلایا کہ قرض اتارنے کے لیے ہمیں تھوڑا مشکل وقت گزارنا پڑے گا۔

اسی روزدارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفود کے مابین مزید قرض حاصل کرنے کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا۔

اس ملاقات کے بارے میں وزارت خزانہ کی جانب سے دیے گئے بیان میں کہا گیا کہ مذاکرات خوش اسلوبی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور وہ مزید دو دن جاری رہیں گے۔

البتہ ماہرین کے مطابق اس ملاقات میں جس قرضے کے لیے بات چیت ہو رہی ہے، اُس قرض سے مشروط آئی ایم ایف کی کڑی شرائط نہ صرف پاکستان میں مزید غربت اور بے روزگاری کا باعث بنیں گی بلکہ مہنگائی کا ایک نیا طوفان عوام کو آن گھیرے گا۔

ان شرائط میں ٹیکس کی شرح بڑھانے اور اس جیسے دوسری معاشی اصلاحات کے اقدامات شامل ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

نئے گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا اب تک کیا کرتے رہے ہیں؟

آئی ایم ایف کے پاس جانے کے تین فائدے اور تین نقصان

آئی ایم ایف کی ہدایت سے پہلے ہی روپے کی قدر کم کر دی: اسد عمر

پاکستان اور آئی ایم ایف: ہمیشہ کا ساتھ

سنہ 1947 میں وجود میں آنے کے صرف تین سال بعد پاکستان 11 جولائی 1950 میں آئی ایم ایف کا ممبر بنا تھا اور گذشتہ 69 برسوں میں قرضے کے حصول کے لیے 21 مرتبہ آئی ایم ایف جا چکا ہے۔

معاشی امور پر لکھنے والے صحافی خرم حسین کا کہنا ہے کہ سنہ 1988 سے پہلے پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین ہونے والے معاہدے قلیل مدتی بنیادوں پر ہوتے تھے جن میں عمومی طور پر قرض معاشی اصلاحات سے مشروط نہیں ہوتے تھے۔

تاہم سنہ 1988 کے بعد ’سٹرکچلرل ایڈجسمنٹ پروگرامز` شروع ہو گئے۔

’سٹرکچلرل ایڈجسمنٹ پروگرامز‘ یعنی ایس اے پی وہ ہوتے ہیں جن میں قرض دینے والا ادارہ شدید معاشی مشکلات کے شکار قرض حاصل کرنے والے ممالک کو مخصوص شرائط کے تحت نیا قرض دیتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

’گذشتہ 31 برسوں میں مشروط قرض کا یہ 12واں معاہدہ ہوگا`

انھوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ممبر ممالک جو قرض حاصل کرتے ہیں وہ ان ممالک کے ہی پیسے ہوتے ہیں۔ ہر ممبر ملک آئی ایم ایف کو اپنے حصے کے پیسے دیتا ہے اور اس حصے کے عوض آئی ایم ایف ہر ممبر ملک کا ایک کوٹہ بناتا ہے اور اس کوٹے کے اندر رہ کر آئی ایم ایف سے ضرورت کے تحت قرض حاصل کیا جاتا ہے۔

’اگر کوئی ممبر ملک اپنے مخصوص کوٹے سے زیادہ قرض حاصل کرنے کا خواہاں ہے تو یہ قرض مشروط ہوتا ہے اور قرض حاصل کرنے والے مملک کو چند معاشی اصلاحات پر مبنی شرائط پوری کرنی پڑتی ہیں۔`

اس مرتبہ امریکہ ہمارے ساتھ کیوں نہیں؟

خرم حسین نے مزید بتایا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ آئی ایم ایف کو حاصل ہونے والے قرض کی واپسی نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی طرف سے عائد کردہ شرائط کو پورا نہ کرنا ہے۔

’پاکستان کی تاریخ رہی ہے کہ پاکستان قرضہ تو لے لیتا ہے مگر قرض کے حصول کے وقت وعدہ کی گئی شرائط، جیسا کہ معاشی اصلاحات، پورا نہیں کرتا۔`

انھوں نے بتایا کہ اس مرتبہ قرض کے حصول میں امریکہ ہمارا سفارشی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرائط پوری نہ کرنے پر آئی ایم ایف سے نئے قرض کے حصول میں مشکلات پیش آتی ہیں اور یہ وہ وقت ہوتا ہے جب پاکستان کو امریکی سفارش کی ضرورت پڑتی ہے۔

’پاکستان آدھی پونی شرائط پوری کرتا ہے، امریکہ سے سفارش کرواتا ہے اور آئی ایم ایف نیا قرضہ دے دیتا ہے۔`

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption مشیر خزانہ حفیظ شیخ

ان کا کہنا تھا کہ ’سنہ 2019 کا پروگرام پرانے پروگراموں سے اس لحاظ سے مختلف ہے کہ اس مرتبہ پاکستان کے پاس امریکہ کی کسی قسم کی سفارش موجود نہیں ہے۔`

پرویز مشرف کے دور میں سنہ 2002 میں لیے جانے والے پروگرام میں زبردست امریکی سفارش تھی کیونکہ پاکستان افغانستان کی جنگ میں امریکہ کا نان نیٹو اتحادی بننے جا رہا تھا۔

سنہ 2008 میں بھی ایسا ہی تھا جب اوباما انتظامیہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات قائم کرنا چاہ رہی تھی جبکہ سنہ 2013 میں بھی آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کے لیے اوباما انتظامیہ کی سفارش موجود تھی۔

’لیکن اب ٹرمپ انتظامیہ آنے کے بعد صورتحال مختلف ہے اور واشنگٹن میں پاکستان کی کسی طرح کی سپورٹ نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان اس مرتبہ مکمل طور پر آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر ہے اور پاکستان کو سخت شرائط پوری کرنا پڑیں گی۔`

خرم حسین نے بتایا کہ بشمول حالیہ پروگرام، گذشتہ تین پروگرامز سائز یا قرض حاصل کرنے کے حوالے سے بڑے تھے جن میں حاصل کیا گیا قرض ہر مرتبہ لگ بھگ 6.5 ارب امریکی ڈالر تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کتنا قرض حاصل کرنا چاہتا ہے؟

آئی ایم ایف کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کا مختص کوٹہ 2031 ملین ایس ڈی آر ہے۔ ایس ڈی آر کرنسی کی وہ قسم ہے جو آئی ایم ایف اور دوسرے مالیاتی ادارے لین دین کے لیے استعمال کرتے ہیں اور 10 مئی کو ایک ایس ڈی آر کی قدر 1.38 امریکی ڈالر کے برابر تھی۔

صحافی شہباز رانا کا کہنا ہے کہ 'پاکستان اپنے مختص کوٹے کا 225 فیصد قرض حاصل کرنا چاہتا ہے جو کہ تقریباً 6.3 ارب امریکی ڈالر بنتا ہے۔ اور اگر کچھ غیر معمولی ہوا تو یہ قرض آٹھ ارب تک ہو سکتا ہے۔'

خرم حسین کا کہنا تھا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے قرض لیا ہو اور واپس نہ کیا ہو۔ آئی ایم ایف کوئی روایتی بینک نہیں ہے۔

’آئی ایم ایف کا ڈیفالٹر ہونا خودکشی کے مترادف ہو گا۔ قرض واپس نہ کرنا پورے بین الاقوامی معاشی سسٹم سے الگ تھلگ ہونا ہو گا۔ آئی ایم ایف سے قرض کا حصول کسی ملک کی معیشت کو چلانے کے لیے آخری حربہ ہوتا ہے۔`

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی قرض واپس کرنے کی شرائط کوئی اتنی سخت نہیں ہوتیں۔ 'پاکستان مسلم لیگ نواز کے دور میں سنہ 2013 میں پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ جس پروگرام پر دستظ کیے تھے اس قرض کو واپس کرنے کا وقت 20 برس تھا اور شرح سود لگ بھگ صرف دو فیصد تھی۔'

سنہ 2008 میں شوکت ترین کے دور میں پاکستان نے قلیل مدتی پروگرام لیا تھا اور اس کی واپسی بہت جلدی ہوئی تھی۔

صحافی شہباز رانا کہتے ہیں کہ گذشتہ ادوار میں حاصل کیے گئے قرض سے پاکستان نے ابھی 5.8 ارب امریکی ڈالر واجب ادا ہیں جن کی اقساط مخصوص وقت پر واپس ہو جائیں گی۔

اثرات کیا ہوں گے؟

ماہر معیشت ڈاکٹر اشفاق نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قرض کی زیادہ تر شرائط تو ابھی سامنے نہیں آئیں تاہم جو رپورٹس آ رہی ہیں یہ مصر ماڈل کا چربہ ہے۔

’آئی ایم ایف میں مصر کو ایک پوسٹر چائلڈ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ جبکہ آئی ایم ایف کے پروگرام میں جانے سے پہلے مصر میں تقریباً 30 فیصد لوگ خطِ غربت سے نیچے تھے اور آج یہ شرح 55 فیصد ہے۔`

’مصر میں اس طرح کے پروگرام کے ثمرات یہ ہیں کہ غربت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ مصر کی کرنسی کی قدر کم ہونے سے وہاں مہنگائی بہت تیزی سے بڑھی۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی یہی ہو گا، ڈسکاؤنٹ ریٹ بڑھے گا، روپے کی قدر کم ہو گی، غربت اور بے روزگاری بڑھے گی، تمام طرح کی سبسڈیز ختم ہوں گی، گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھیں گی اور یہ سب پاکستانی عوام کے لیے بہت تکلیف دہ ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس قرض سے پاکستان میں کسی طرح کا معاشی استحکام نہیں آئے گا کیونکہ یہ شرح نمو کو مزید گرا دے گا۔

’آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے دو سے تین برس تک ہمیں اپنے جی ڈی پی کی شرح نمو دو سے ڈھائی فیصد رکھنا ہو گی۔ 1جس ملک میں 15 لاکھ نوجوان ہر برس روزگار کی تلاش میں مارکیٹ میں داخل ہو رہے ہیں اس ملک میں شرح نمو کم از کم سات سے آٹھ فیصد ہونا ضروری ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

سٹیٹ بینک میں ہونے والی گورنر کی تقرری کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’آئی ایم ایف نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کر کے پاکستان کو ایک پروگرام دے دینا ہے جو کسی صورت ملک کے لیے بہتر نہیں ہو گا۔‘

صحافی شہباز رانا کہتے ہیں کہ نئے قرض کے پاکستانی معیشت اور عوام پر قلیل مدتی اور طویل مدتی فوائد اور نقصانات ہوں گے۔

’اگر قلیل مدتی اثرات کی بات کی جائے تو یہ قرضہ پاکستان کے لیے کسی حد تک معاشی استحکام کا باعث بنے گا اور اس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہو گا جبکہ معاشی پالیسیوں میں بہتری کا عنصر آئے گا۔ دوسری جانب روپے کی قدر میں کمی اور ٹیکسوں کی شرح میں اضافے کی وجہ سے بالواسطہ عوام متاثر ہوں گے اور مہنگائی بڑھے گی اور تمام درآمدی اشیا کی قیمت بڑھے گی۔`

ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا جبکہ شرح نمو آئندہ برسوں میں کم رہے گی۔

صحافی خرم حسین کہتے ہیں کہ پاکستانی عوام پر اس قرضے کے شدید معاشی اثرات ہوں گے۔

’مزید ٹیکس لگانے پڑیں گے، محصولات کو بہتر کرنا پڑے گا، شرح سود کو بڑھانا پڑے گا اور روپے کی قدر کو مزید گرانا پڑے گا۔`

’معاشی میدان میں موجودہ مشکلات اور مہنگائی میں صحیح معنوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط ہر عملدرآمد کے ساتھ شروع ہو گا۔`

اسی بارے میں