ماؤں کا عالمی دن: ’آپ نے تب بھروسہ کیا جب کوئی بھی نہیں کرتا تھا‘

کوہلی

،تصویر کا ذریعہTwitter

پاکستان سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں آج ماؤں کا عاملی دن منایا جارہا ہے۔ خلوص، شفقت، پیار اور صبر سے سرشار ماں کے اس رشتے کو لوگ خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔

اس دن کو منانے کا مقصد ماں کے مقدس ترین رشتے کی عظمت و اہمیت کو اُجاگر کرنا اور ماں کے لیے احترام اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہر سال کی طرح لوگ دو طبقوں میں تقسیم نظرآتے ہیں، ایک وہ جو اس دن کو ماﺅں کی عظمت کے لیے اہم قرار دیتے ہیں، جبکہ دوسرے طبقے کے مطابق ماﺅں سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے ایک دن ہی نہیں بلکہ سال کا ہر دن مختص ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے

دنیا بھر میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے ماں کی بے لوث محبت اور عظمت کو سلام پیش کررہے ہیں۔

پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ایک جذبات سے بھرپور ٹویٹ میں اپنی والدہ سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار کیا۔

ماما جی کے نام سے اپنی والدہ کو مخاطب کرتے ہوئے بابر اعظم نے لکھا کہ میں نے اپنا پہلا بلا 1500 روپے کا خریدا تھا، یہ آپ کی کل جمع پونجی تھی مگر آپ نے مجھے دے دی۔ آپ نے تب بھروسہ کیا جب مجھ پر کوئی بھی نہیں کرتا تھا۔ میرا ہر انچ آپ کا مقروض ہے۔‘

بابر اعظم نے اپنے مداحوں کے لیے بھی پیغام دیا کہ وہ اپنی والدہ کی قدر کریں۔ بابر اعظم کے علاوہ دیگر بین القوامی کرکٹرز نے بھی ماؤں کے عالمی دن کی مناسبت سے پیغامات شئیر کیے۔

پاکستانی اوپننگ بلے باز احمد شہزاد اور انڈیا کے معروف بلے باز ویراٹ کوہلی نے بھی اپنی والدہ کے لیے ٹوئٹر پر ایک عقیدت بھرا پیغام شائع کیا۔

بالی ووڈ کے اداکار بھی اپنی ماں کے احسانات کا اعتراف کرتے دکھائی دیے۔ معروف اداکارہ انوشکا شرما نے ویراٹ کوہلی اور اپنی والدہ کی ایک تصویر شئیر کی۔

اس ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ 'یہ آپ دونوں کی محبت کا جذبہ ہی تھا جس نے ہماری راہ ہموار کرنے میں مدد کی۔'

ماں ایک ایسی ہستی ہیں جو کہنے کو تو ہم سب کو پیاری ہیں۔ اتنی پیاری کہ ہم اپنی دھرتی کو ماں کے جیسی تصور کرتے ہیں۔ ایک دوسرے سے کیے جانے والے وعدوں پر یقین دلوانے کے لیے بھی ماں کا نام استعمال کرتے ہیں۔

اس عظیم رشتے کی قدر ان افراد کو زیادہ ہے جن کی والدہ وفات پا چکی ہیں۔

سوشل میڈیا پر یہ لوگ اپنی والدہ کی کوئی یاد، کوئی میٹھی بات اور ماضی میں گزرے ساتھ کے خوبصورت قصے بیان کرتے نظر آ رہے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز شریف نے بھی اپنی والدہ کلثوم نواز کو خراج تحسین پیش کیا اور لکھا کہ ان کی وفات کو دو برس بیت گئے ہیں مگر اب بھی وہ انھیں بے حد یاد کرتی ہیں۔

یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد 11 ستمبر 2018 کو لندن کے ایک نجی ہسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گئی تھیں۔

صارفین ایک دوسرے کو اس رشتے کی قدر کرنے سے لے کر ماں کی عظمت پر لکھی شاعری اور گانے بھی شائع کررہے ہیں۔

بالی ووڈ اداکار ایوشمان کھرانا نے اپنی ماں کے نام ایک گانے کو ترتیب دیا اور انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ شئیر کیا۔

ماؤں کے عالمی دن کی مناسبت سے لوگ اس دن پر اپنی والدہ کے لیے نہ صرف تحفے تحائف خریدتے تھے بلکہ معروف ریستورانوں میں بھی رش لگا رہتا تھا جہاں بچے اپنی والدہ کو لذیذ کھانے کھلا کر بھی ان کی خاطر تواضع کرتے تھے۔

البتہ اس مرتبہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور ایسے میں ریستوران بند پڑے ہیں اور شاپنگ مالز ویران ہیں۔

اس لاک ڈاؤن کے باعث بہت سے افراد دوسرے ممالک یا شہروں میں پھنس کر رہ گئے ہیں اور بد قسمتی سے ماؤں کے عالمی دن پر اپنی والدہ کو گلے لگانے سے محروم رہیں گے۔

صحافی رفعت جاوید نے لاک ڈاؤن کا حوالہ دیتے ہوئے ٹویٹ کی کہ وہ اپنی والدہ کو اس دوران بہت یاد کررہے ہیں۔

ماں کی اہمیت کا اندازہ صرف اپنی زبان کو ’مادری زبان‘ کہلانے سے ہی نہیں ہوتا بلکہ زمین جیسے سیارے پر بسنے والے لوگوں کا اسے مادری زمین کہلانا بھی اس رشتے کی گہرائی کو بیان کرتا ہے۔

اداکارہ دیا مرزا نے ماؤں کے عالمی دن کی مناسبت سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ایک مختصر دورانیے کی ویڈیو شئیر کی جس میں نہ صرف پرندوں کے چہچہانے کی آوازیں سنی جاسکتی ہیں بلکہ سبزہ اور پھول بھی اس میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

بے شمار صارفین نے اس دن کی مناسبت سے لوگوں کو یہ تاکید کی ہے کہ وہ ماحولیات کا تحفظ کریں۔

ماؤں کے عالمی دن کی تاریخ

پاکستان سمیت اکثر ممالک ماؤں کا عالمی دن مئی کے دوسرے اتوار کو منایا کرتے ہیں مگر کئی ایسے ممالک بھی ہیں جو یہ دن جنوری، مارچ، نومبر یا اکتوبر میں مناتے ہیں۔

پچانوے برس قبل امریکی صدر وڈرو ولسن نے اعلان کیا تھا کہ ہرسال مئی کا دوسرا اتوار یومِ مادر کے طور پر منایا جائے گا۔ تب سے یہ دن رفتہ رفتہ کئی اقوام اور ممالک نے اپنا لیا۔

قدیم یونان میں کئی دیوتاؤں کو جنم دینے والی سائی بیلے کا یادگاری دن بچوں کی جانب سے ماں کو تحائف دینے کا دن تھا۔

رومن لوگ جونو دیوی کی یاد میں ایک دن مختص کرکے اپنی ماؤں کو خوش کرنے کی کوشش کرتے تھے۔

جب کہ ارضِ ہند میں ایک صدی قبل اسے پہلی بار باقاعدہ طور پر منانے کا سہرا اینا جاروس نامی ایک خاتون کے سر جاتا ہے جن کا تعلق امریکہ سے تھا۔