صبا اسلم: کراچی کی خاتون سماجی کارکن کا چھریوں کے وار سے قتل
- ریاض سہیل
- بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب ے بڑے شہر کراچی میں ایک خاتون سماجی کارکن کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں مقتولہ کا پڑوسی ملوث ہے جو نشے کا عادی ہے۔
یہ واقعہ منگل کی دوپہر کو نیو کراچی سیکٹر فائیو جے میں پیش آیا ہے، سر سید پولیس کے مطابق 24 سالہ صبا اسلم کہیں جانے کے لیے گھر سے نکلیں تو ملزم نے ان پر حملہ کرکے زخمی کردیا۔
کمر پر حملہ
سماجی ادارے چھیپا ویلفیئر کی ایمبولینس وہاں پہنچی اور عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا، تنظیم کے ورکر شاہد چھیپا نے بتایا کہ دوپہر کو ساڑھے بارہ بجے کا وقت تھا وہ وہاں پہنچے تو لاش گلی میں موجود تھی اور اس کی موت واقع ہوچکی تھی۔
’لوگوں نے بتایا کہ جیسے وہ باہر نکلیں تو موٹرسائیکل پر دو لوگ آئے جنہوں نے ماسلک لگائے ہوئے انھوں نے کسی تیز دھار آلے سے ان کی کمر پر ضرب لگائی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔‘
صفائی کے لیے سرگرم
ایس ایچ او سر سید نے بی بی سی کو بتایا کہ حملہ آور بدتمیز ہے اس سے قبل بھی صبا سے اس کی تلخ کلامی ہوئی تھی۔
مقتولہ کے خاندان والے ایف آئی آر درج کرانے کے لیے تیار نہیں تھے اس لیے ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے کیونکہ یہ قتل ہے جس کے چشم دید گواہ بھی موجود ہیں۔
نیو کراچی کی رہائشی صبا اسلم نے اپنی والدہ اور والد کے نام سے انیسہ اسلم ویلفیئر نامی ایک تنظیم بنا رکھی تھی جو گذشتہ پانچ سالوں سے کام کر رہی ہے، وہ زیادہ تر چائلڈ لیبر اور بیوہ خواتین کے لیے کام کرتی تھیں اور میڈیکل کیمپ لگاتی تھیں پڑوسیوں کو کوئی بھی مسئلہ ہوتا تو وہ ان سے رابطہ کرتے تھے۔
فیس بک پر ان کی کئی ویڈیوز ہیں جن میں وہ اپنے علاقے کی ڈرینیج کے مسائل کو اجاگر کر رہیں جبکہ ویب ٹی وی پر بھی وہ اس معاملے اور مشکلات کا ذکر کرتی نظر آتی ہیں۔
ایس ایچ او سرسید احمد نواز بروہی کے مطابق ملزم کا گھر مقتولہ کے گھر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے گھر کے باہر کچرا پھینکنے پر اکثر ان کی تلخ کلامی ہوتی تھی چند روز قبل بھی ایسا واقعہ پیش آچکا ہے۔