جنید صفدر کی شادی: مریم نواز کے جوڑے اور دلہے کی شیروانی کس نے تیار کی؟

  • ترہب اصغر
  • بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
جنید صفدر، مریم نواز

،تصویر کا ذریعہmaryam nawaz

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقاریب گذشتہ ایک ہفتے سے چرچے میں ہیں اور آئے دن ان کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔

شادی کی رسومات میں سجاوٹ، موسیقی، دلہا دلہن کی جوڑی اور اہم شخصیات کی آمد تو وقتاً فوقتاً خبروں میں آتی رہی ہیں مگر ایک سوال واضح طور پر دوسری تمام چیزوں سے زیادہ موضوع بحث بن رہا ہے۔ اور وہ ہے کہ دلہے کی ماں مریم نواز کیسی لگ رہی ہیں؟

مقامی ذرائع ابلاغ ہو یا سوشل میڈیا، نوبیاہتے جوڑے کے علاوہ شادی کے ہر فنکشن میں مریم نواز کے، انداز، لباس، میک اپ، زیورات اور شخصیت پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

ہر تقریب پر مریم نواز کی تصاویر میں وہ ایک نئے انداز اور لباس میں نظر آرہی ہیں، جسے ان کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا گیا۔

چاہے پھر وہ قوالی نائٹ میں پہنی گلابی ساڑی، مہندی اور مایوں پر پہنا نیلا اور پیلا جوڑا یا بارات پر پہنا سبز لہنگا ہو۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے جنید صفدر کی شادی پر ہر تقریب کی مناسبت سے لباس کے رنگ، سٹائل اور ڈیزائنر کا انتخاب کیا اور اس کی خوب پلاننگ بھی کی۔

مریم نواز نے کس دن کس ڈیزائنر کا جوڑا پہنا؟

جنید صفدر کی شادی پر مریم نواز نے زیادہ تر ملبوسات پاکستانی ڈیزائنرز کے بنائے پوئے پہنے۔ تاہم ایک جوڑا ایسا بھی تھا جو انڈین ڈیزائنر ابھینو مشرا نے تیار کیا۔

،تصویر کا ذریعہMaryam Nawaz

جنید صفدر کی مہندی پر مریم نواز کے نیلے رنگ کے لہنگے کے بارے میں بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے ابھینو مشرا کا کہنا تھا کہ مریم نواز ’ہمیں اس وقت سے فالو کر رہی ہیں جب ہم نے کچھ سال پہلے پاکستان کے شہر لاہور میں ایک شو کیا تھا۔‘

انھوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے ’ہم سے پہلے انسٹاگرام پر رابطہ کیا جس کے بعد ہمارا ان سے فون پر رابطہ ہوا۔ انھیں ہماری برائڈل کلیکشن سے نیلا جوڑا پسند آیا جسے وہ اپنے مطابق تھوڑا سا تبدیل کروانا چاہتی تھیں۔‘

’جو لباس ہم نے ان کے لیے بنایا اس پر شیشوں اور گوٹا پٹی کا کام را سلک پر کیا گیا ہے‘۔

ابھینو مشرا کا کہنا تھا کہ جو لہنگا مریم نواز نے پسند کیا ’ہم نے لہنگے میں مریم نواز کے لیے تبدیلی کی۔‘

،تصویر کا ذریعہMaryam Nawaz

ابھینو مشرا تسلیم کرتے ہیں کہ ’مریم نواز میرے بنائے ہوئے جوڑے میں انتہائی خوبصورت لگ رہی تھیں، انھوں نے اس جوڑے کو بہت اچھے انداز سے پہنا۔‘

ہم نے ابھینو سے پوچھا کہ اگر ویسا ہی لہنگا کوئی اور خریدنا چاہے تو اسے کیا قیمت ادا کرنا ہوگی، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری ویب سائٹ پر لہنگوں کی قیمت لکھی ہوئی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہabhinav mishra

ویب سائٹ پر بتائی گئی قیمت کے مطابق ان کا نیلا لہنگا پاکستانی چار لاکھ روپے سے زیادہ قیمت کا ہے۔

ابھینو مشرا کا مزید کہنا تھا کہ ’مریم نواز کی جانب سے ہمارے کام کو پسند کیا گیا اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ بھی وہ ہم سے کام کروائیں گی۔‘

اس کے علاوہ مریم نواز کا پیلے رنگ کا لہنگا پاکستانی ڈیزائنر خدیجہ شاہ کے برانڈ ایلان سے تیار کروایا گیا۔

شادی کی تقریب کے ایک اور فنکشن میں انھوں نے ہلکے گلابی رنگ کا لباس پہنا جسے پاکستانی ڈیزائنر سائرہ شکیرہ نے بنایا۔ جبکہ اپنے بیٹے کی بارات پر انھوں نے نومی انصاری کا بنایا ہوا سبز رنگ کا لہنگا پہنا۔

،تصویر کا ذریعہHSY

جنید صفدر کی بارات کے لیے شیروانی بنانے والے ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور ان کی فیملی نے زیادہ تر پاکستانی ڈیزائنرز کے کپڑوں کا ہی انتخاب کیا۔ ’جب وہ میرے پاس جنید کے کپڑوں کے لیے آئیں تو انھوں نے کہا کہ شیروانی ایسی ہونی چاہیے جو پاکستان کی روایات اور کلچر کی عکاسی کرتی ہو۔

’اس لیے ہم نے شیروانی کے نیچے بھی کرتا پاجامہ کے بجائے شلوار قمیض بنائی اور شروانی پر بٹن سونے کے نہیں بلکہ میٹل کے لگائے گئے کیونکہ مریم نواز نے ہمیں کہا تھا کہ بس یہ خیال رکھیے گا کہ کپڑے زیادہ مہنگے نہ ہوں۔ وہ ایک فکرمند ماں نظر آرہی تھیں۔‘

،تصویر کا ذریعہTWITTER

’ایک ماں اپنے بیٹے کی شادی پر خوبصورت لگ رہی ہیں‘

جنید صفدر کی شادی کے موقع پر سوشل میڈیا کے کئی صارفین اپنے اپنے تبصروں کے ساتھ مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد کی تصاویر شیئر کر رہے ہیں۔

شادی کی تصاویر پر کمنٹس کرتے ہوئے زیادہ تر لوگوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ لیکن ساتھ ہی ساتھ سوشل میڈیا پر ایک طبقے کی جانب سے یہ تنقید بھی کی جا رہی ہے کہ بیٹے کی شادی پر مریم نواز دلہن کی طرح تیار ہو رہی ہیں جس سے لوگ اصل دلہن پر دھیان نہیں دے رہے۔

جیسے سفینہ خان نامی صارف نے طنز کیا کہ مریم نواز ’یہ سارے شوق اپنی شادی کی سالگرہ پر بھی پورے کر سکتی تھیں۔‘

مگر سندھ اسمبلی کی رکن شرمیلا فاروقی نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر مریم نواز کی تصویر شئیر کر کے لکھا کہ ’ایک ماں اپنے بیٹے کی شادی پر خوبصورت لگ رہی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہTWITTER

فیس بک پر بھی کئی خواتین نے لکھا کہ وہ بھی اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کی شادی پر ایسے ہی خوبصورت اور خوش دکھنا چاہتی ہیں۔

ماہین غنی نے لکھا کہ ’میرے خیال میں بیٹے کی شادی کسی بھی ماں کے لیے خوشی کا لمحہ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ وہ اس خوشی کا اظہار کرنے اور اس سے لطف اندوز ہونے میں کامیاب رہیں!

’وہ اپنے بیٹے کی شادی پر خوبصورت لگ رہی ہیں اور (اچھے) کپڑے پہننے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔‘

تحریم نامی صارف نے مریم نواز کے انداز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ’عمر تو بڑھنے کے بجائے بظاہر کم ہو رہی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter