’ٹارگٹ کلنگ میں ملوث بارہ ملزمان گرفتار‘

  • ایوب ترین
  • بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
کوئٹہ(فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشن

کوئٹہ میں گزشتہ چند ماہ میں ٹارگٹ کلنگ اور تخریب کاری کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں

کوئٹہ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران بلوچستان بھر میں ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور دیگر تخریبی کارروائیوں میں ملوث بارہ ملزمان کوگرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔

پولیس کے مطابق افغانستان سے تربیت یافتہ دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

کیپٹل سٹی پولیس آفیسر(سی سی پی او) کوئٹہ عابد حسین نوتکانی نے کوئٹہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کوئٹہ پولیس نے گزشتہ ہفتے سریاب کے علاقے میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران چار ملزمان شیر محمد، تیراتی ، رحیم داد اور کریم کو گرفتار کرکے ا ن کے قبضے سے تقریباً ڈھائی سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد، درجنوں دستی بم اور دیگر تخریبی مواد برآمد کیا تھا ۔

سی سی پی او کوئٹہ کے مطابق ملزمان صوبے کے مختلف علاقوں میں ریلوے ٹریک، بجلی ٹاورز، سرکاری تنصیبات کے علاوہ آباد کاروں کے گھروں پر دستی بموں سے حملوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ان تخریب کاروں نے افغانستان کے صوبہ نمروز میں تربیت حاصل کی ہے جہاں موجود کیمپ میں ملزمان کو تربیت دے کر تخریبی کارروائیوں کے لیے بلوچستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں بھیجا جاتا ہے اور ان تخریبی کارروائیوں کے لیے انہیں لاکھوں روپے رقم بھی فراہم کی جاتی ہے ۔

عابد حسین نوتکانی نے الزام لگایا کہ بلوچ ری پبلکن پارٹی کے سربراہ براہمداغ بگٹی اور بی آر پی کے ترجمان شیر محمد بگٹی اس وقت افغانستان میں موجود ہے جو ہندوستان کی مالی معاونت سے تخریبی کیمپوں کی نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے علاوہ تخریب کاری کی مختلف وارداتوں میں ملوث دیگر چودہ ملزمان مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے صوبے کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کارروائی کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ، دستی بم حملوں اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں اکثریت آباد کاروں اور اہل تشیع مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہے۔ ان وارداتوں کی روک تھام کے لیے حکومت نے صوبائی دار الحکومت سمیت صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں پولیس کے علاوہ فرنٹیئر کور کو بھی تعینات کیا ہے ۔