کراچی: کچرا کنڈی میں دھماکہ، ایک ہلاک

کراچی کے علاقے سولجر بازار میں کچرا کنڈی میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایک عورت ہلاک اور ایک بچہ زخمی ہوگیا ہے تاہم مقامی افراد نے زخمیوں کی تعداد چار بتائی ہے۔

یہ دھماکہ ایسی جگہ ہوا ہے جہاں سے لیاری ایکسپریس وے گزر رہی ہے۔

ڈی آئی جی کراچی ساؤتھ غلام نبی میمن نے بی بی سی کو بتایا کہ پہلے کچرا کنڈی میں آگ لگی پھر اس کے بعد وہاں پہلے سے موجود دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایک عورت ہلاک اور ایک بچہ زخمی ہوا۔

تاہم علاقے کے لوگوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد چار ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون کا نام سمیرا ہے، جن کی عمر پینتالیس سال کے لگ بھگ ہے، جبکہ جو بچے زخمی ہیں ان میں چار سالہ نوید حیدر، حسام عثمان، اور ان کی پانچ سالہ بہن مہک کے ساتھ ساتھ نورین نامی ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

ایس ایس پی جمشید ٹاؤن عامر فاروقی نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد امپرو وائزڈ ایکسپلوسو ڈیوائیس یا آئی ای ڈی ہو سکتی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

اسی بارے میں