کوئٹہ:پولیس موبائل پر بم حملہ، تین ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک اور نو زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ دھماکہ کواری روڈ کے علاقے میں ہوا ہے اور یہ وہی سڑک ہے جس پر پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ بھی واقع ہے۔

پولیس موبائل پر ریموٹ بم سے حملہ

مقامی پولیس حکام نے بی بی سی اردو کے نامہ نگار ایوب ترین کو بتایا ہے کہ یہ بم ایک سائیکل پر نصب تھا اور یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس کی ایک موبائل اس سائیکل کے قریب سے گزر رہی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس میں سوار دو پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق مرنے والا تیسرا شخص ایک مقامی دکاندار تھا اور ہلاک شدگان اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں ماہِ رواں میں سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنائے جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل پانچ مارچ کو کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو اس وقت بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ گاڑی میں معمول کے گشت میں مصروف تھے۔

اسی بارے میں