’ایک بلین جون تک ادا کردیے جائیں گے‘

پاکستان اور افغانستان کے لیے خصوصی امریکی ایلچی رچرڈ ہالبروک نے پاکستانی وزیر اعظم کو یقین دلایا ہے کہ امریکہ کے ذمہ کولیشن سپورٹ فنڈ کے واجب الادا ایک ارب ڈالر جون تک پاکستان کو ادا کر دیے جائیں گے۔

یہ بات ہالبروک نے پیر کی رات وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہی۔

ہالبروک نے وزیر اعظم کو امریکی صدر براک اوباما کے حالیہ دورہ افعانستان کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق خصوصی امریکی ایلچی نے وزیراعظم کو بتایا کہ امریکی صدر کی افغانستان آمد کا مقصد اس خطے میں امریکی اتحادیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

ہالبروک نے صدر اوباما کی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کو خطے میں اہم ترین اتحادی سمجھتا ہے اور شدت پسندی کے خلاف اس کی کوششوں کو معترف ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق رچرڈ ہالبروک نے پاکستان وفد کے ساتھ گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں ہونے والے سٹریٹجک مذاکرات کے بارے میں وزیراعظم گیلانی سے تبادلہ خیال کیا۔

رچرڈ ہالبروک نے بتایا کہ مذاکرات پر مزید پیش رفت کے لیے بہت جلد امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن پاکستان کا دورہ کریں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اتحادیوں اور فرینڈز آف پاکستان دہشت گردی کے حلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور مدد کریں۔

اسی بارے میں