دتہ خیل میں ڈرون حملہ، تین غیر ملکی ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ دتہ خیل کے علاقے میں امریکی جاسوس طیارے سے کیے گئے حملے میں تین غیرملکی ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی اردو کے دلاور خان وزیر کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کی شام شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ کے قریب دتہ خیل کے علاقہ امبر شگاہ میں پیش آیا۔

سرکاری اہلکار کے مطابق اس حملے میں ہلاک ہونے والے غیر مُلکی ہیں۔

اس حملے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ دتہ خیل کے علاقے کو گزشتہ ماہ بھی ڈرون طیاروں نے میزائل حملے کا نشانہ بنایا تھا جس میں آٹھ شدت پسند مارے گئے تھے۔

شمالی اور جنوبی وزیرستان میں نئے سال کے آغاز کے بعد سے ساٹھ سے زائد ڈرون حملے ہوچکے ہیں جن میں ایک اندازے کے مطابق دو سو کے قریب افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں مقامی و پنجابی طالبان کے علاوہ غیر ملکی بھی شامل ہیں جبکہ عام شہریوں کی بڑی تعداد بھی ان حملوں کا نشانہ بنی ہے۔

اسی بارے میں