مسافر وین دریا میں گر گئی، بارہ ہلاک

گلگت بلتستان میں ایک مسافر وین دریائے سکردو میں گر گئی ہے جس کے نتیجے کم از کم بارہ افراد ہلاک جبکہ اتنی ہی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

فائل فوٹو

گلگت میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مسافر وین ہراموش سے گگلت شہر آرہی تھی کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوکر دریائے سکردو کے کنارے پر جا گری۔

ان کا کہنا ہے کہ اس حادثے کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور ان تمام افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ دس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

زخمیوں کو مقامی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔

ہمارے نامہ نگار ذوالفقار علی نے بتایا کہ پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اس وین میں بائیس افراد سوار تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم ان کا کہنا ہے بظاہر یہ لگتا ہے کہ یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث ہوا اور ڈرائیور کی غفلت کا نتیجہ ہے۔

اسی بارے میں