گجرات: تین برطانوی شہری ہلاک

پاکستان میں صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے تین برطانوی شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ جمعرات کو ضلع گجرات کے رحمانیاں نامی قصبے میں پیش آیا اور پولیس نے اسے خاندانی دشمنی قرار دیا ہے۔

رحمانیاں تھانے کے ایس ایچ او غلام سرور گوندل نے بی بی سی کے ظہیر الدین بابر سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری محمد یوسف اپنی اہلیہ پرویز بی بی اور بائیس سالہ بیٹی تانیا بی بی کے ہمراہ پاکستان آئے ہوئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ جمعرات کو محمد یوسف اپنٹی اہلیہ، بیٹی اور ایک رشتہ دار خاتون نصرت بی بی کے ہمراہ مقامی قبرستان میں فاتحہ پڑھنے کے لیے پہنچے تو ان کے بھانجوں نے ان پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد یوسف اور تینوں خواتین ہلاک ہو گئیں۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا محمد یوسف کے چار بھانجوں کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے جن میں سے دو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے ہلاک ہونے والوں کا پوسٹ مارٹم کر کے لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ مقتولین کی نمازِ جنازہ جمعے کو رحمانیاں کے موضع کرنالہ میں ادا کی جا رہی ہے۔