خضدار پریس کلب: سابق صدر قتل

خضدار پریس کلب(فائل فوٹو)
Image caption فیض الدین ساسولی پر پہلے بھی حملہ ہو چکا ہے

بلوچستان کے ضلع خضدارمیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے خضدار پریس کلب کے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے رہنما فیض الدین ساسولی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

اس واقعہ میں تین افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں سول ہسپتال خضدار منتقل کر دیا گیا۔

اتوار کی شام کو ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے خضدار شہر میں اس وقت خضدار پر یس کلب کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن فیض الدین ساسولی کی گاڑی پر فائرنگ کی جب وہ گھر سے بازار کی طرف آ رہے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں ان کا بھتیجا بھی شامل ہے۔

فائرنگ کے بعد فیض ساسولی کی گاڑی بے قابو ہو کر ایک دکان میں داخل ہوئی جہاں دکاندار عطاء اللہ اور ا ن کا بیٹا بھی زخمی ہوا۔ فیض ساسولی کو شدید زخمی حالت میں سی ایم ایع لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا چل بسے ـ

خضدار پولیس کے ایس ایچ او عبدالقادر کے مطابق پولیس نے نامعلو م افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انکی تلاش شروع کردی ہے لیکن فوری طور پر کسی گروپ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

خضدار سے مقامی صحافی محمد خان ساسولی کے مطابق اس سے قبل ایک بار فیض ساسولی کے گھر پر دستی بم سے حملہ ہواتھا اور ایک بار ان پر فائرنگ بھی ہوئی تھی جس میں وہ محفوظ رہے تھے، بعد میں بلوچ لیبریشن آرمی نے ان دونوں واقعات کی ذمہ داری قبول کی تھی۔