حیدرآباد: دھماکے میں اٹھارہ ہلاک، چوالیس زخمی

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں ایک زوردار دھماکے میں اٹھارہ افراد کی ہلاکت اور چوالیس کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس کے اہلکار ڈی پی او حیدرآباد جاوید عالم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اٹھارہ افراد کی ہلاکت اور چوالیس کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ دھماکہ حیدر آباد کے علاقے ہالاناکہ میں ہوا ہے۔
ڈی پی ا نے بتایا کہ تباہ ہونے والا ٹینکر تِھنر کا تھا جو کسی پینٹ کمپنی کی ملکیت ہے۔ ان کے مطابق پہلے ویلڈنگ کی دکان کا سلینڈر پھٹا جس کے بعد پریشر سے کیمیکل سے بھرا ہوا ٹینکر پھٹ گیا۔
انہوں نے کسی دہشت گردی کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حادثہ ہے۔
حیدرآباد سے نامہ نگار علی حسن نے بتایا کہ ہالا ناکہ ٹرکوں کا اڈہ ہے جہاں سے اندرون ملک آنے اور جانے والے ٹرک رکتے ہیں۔
دھماکے کے باعث آس پاس موجود گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور ہلاک ہونے والے افراد کے بھی اعضاء بکھر گئے ہیں۔