عوام صبر کریں: شہباز شریف

شہباز شریف فائل فوٹو

وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے لاہور میں واقع داتا دربار میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عوام سے صبر کی اپیل کی ہے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ’میں نے تحقیقاتی اداروں پر واضح کردیا ہے کہ اِس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنا اُن کی اولین ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اِس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آئی جی، چیف سکریٹری اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فوری پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کریں اور اُس کی خود نگرانی کریں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں اس حادثے میں متاثر ہونےوالے افراد کے دکھ کا احساس ہے اور اُن کے لیے یہ سوچنا بھی مشکل ہے کہ کوئی بد بخت داتا دربار کے صحن میں آگ او ر خون کا یہ کھیل کھیل سکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا ’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ بے گناہ انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے یہ قاتل اور اُن کے سرپرست قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری صفوں میں دشمنی کا بیج پیدا کر کے ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے جسے ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے۔

اِس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکے۔

اسی بارے میں