ویگن کھائی میں گرنے سے چودہ ہلاک

Image caption کشمیر میں خراب سڑکوں کی وجہ سے ٹریفک حادثات عام ہیں

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک ٹریفک حادثے میں چودہ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ حادثہ دیولیاں کے مقام پر پیش آیا جہاں مسافروں سے بھری ایک ویگن کھائی میں جا گری۔

مظفرآباد کے اسٹنٹ کمشنر عبدالحمید کیانی نے بی بی سی اردو کے ذوالفقار علی کو بتایا ہے کہ ویگن مظفر آباد سے وادی نیلم جا رہی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اس ویگن صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے سیاح سوار تھے جو سیر و تفریح کے لیے وادی نیلم جا رہے تھے۔

عبدالحمید کیانی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور دو زخمیوں کو مظفر آباد کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تاحال حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سڑکوں کی خراب حالت کی وجہ سے آئے روز ٹریفک کے چھوٹے بڑے حادثات ہوتے رہتے ہیں۔

کشمیر میں آٹھ اکتوبر سنہ دو ہزار پانچ کے زلزلے میں علاقے کی تقریباً تمام چھوٹی بڑی سڑکیں تباہ ہو گئی تھیں اور زلزلے کے پانچ برس بعد بھی علاقے کی سڑکوں کو قابل استعمال تو بنا دیا گیاہے لیکن بیشتر کی حالت خستہ ہے۔

اسی بارے میں