امریکی امداد کا متوقع اعلان صفحہ اول پر

فائل فوٹو، ہیلری کلنٹن
Image caption ہیلری کلنٹن نے دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا ہے

پیر کو اسلام آباد میں امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ میڈیا کانفرس میں پاکستان میں پانی، توانائی اور صحت کے نئے منصوبوں کا اعلان کیا لیکن کسی قسم کی مالی امداد کا اعلان نہیں کیا۔

ہیلری کلنٹن کی جانب سے اسلام آباد میں سٹریٹیجک مذاکرات کے دوسرے دور کے اختتام پر ہیلری کلنٹن کی جانب سے پاکستان میں امریکی امداد سے نئے منصوبے شروع کرنے کے اس اعلان کا تذکرہ پیر کو پاکستانی اخبارات کے صفحہ اول پر تھا۔

پاکستانی اخبارات میں پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کی خبر شہہ سرخیوں میں تھی لیکن صفحہ اول پر دوسری نمایاں خبروں میں امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کے دورہِ پاکستان کے دوران مختلف منصوبوں کے لیے مالی امداد کا اعلان شامل تھا۔

اردو اخبار جنگ کی خبر کے مطابق امریکی وزیر خارجہ پیر کو تینتالیس منصوبوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کریں گی۔ اسی اخبار کی شہہ سرخی بھی ہیلری کلنٹن کا بیان تھا جس میں انھوں نے کہا کہ ’امید ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مزید موثر کارروائی کرے گا‘۔

انگریزی اخبار ڈان کی خبر کے مطابق ہیلری کلنٹن نے پاکستان کو پانی اور توانائی کے شعبے میں اضافی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اسی اخبار کے بیک پیج پر ہے کہ ’امریکہ کو امید ہے کہ کیری لوگر امداد کی وجہ سے پاکستان کی پالسیاں تبدیل ہونگی‘۔ واشنگٹن سے ڈان کے نامہ نگار انور اقبال کے مطابق ہیلری کلنٹن کیری لوگر بل کے تحت ملنے والی امداد کی جو ساڑھے سات ارب ڈالر ہے پہلی فنڈنگ یا قسط کا پیکج لے کر پاکستان پہنچی ہیں۔ نامہ نگار نے مزید کہا کہ اگرچہ کیری لوگر بل ایک سال قبل منظور ہوا تھا لیکن اس کے استعمال کے عمل کی نگرانی پر اختلافات کی وجہ سے حقیقت میں فنڈنگ جاری نہیں ہو سکی ہے۔ اخبار کے مطابق کیری لوگر بل کے تحت ملنے والی امداد کو امریکہ اپنے مفادات کے لیے استعمال کرے گا۔

اخبار کے مطابق کیری لوگربل کی مدد سے امریکہ کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کا وعدہ پورا ہو گا لیکن اس کے ساتھ ساتھ امریکی قانون دان، میڈیا، سفارتی مبصرین نے اعتراف کیا ہے کہ امداد کے بدلے پاکستان کو اپنی پالسیوں کو دوبارہ تشکیل دینا ہو گا۔

اردو اخبار ایکسپریس نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ہیلری کلنٹن بلوچستان میں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ڈیمز سمیت متعدد منصوبوں کا اعلان کریں گی۔ اسی اخبار میں ایک سینیئر امریکی اہلکار کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ’پاکستانی طالبان مشترکہ دشمن ہیں، کیری لوگر بل کے ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر جلد ملیں گے‘۔

ایک دوسرے انگریزی اخبار دی نیشن کی ہیلری کلنٹن کے امدادی پیکج کو ہی شہہ سرخی بنایا ہے۔ اخبار کے مطابق ہیلری کلنٹن پچاس کروڑ ڈالر کا امدادی پیکج لے کر اسلام آباد پہنچی ہیں۔‘

اسی گروپ کے اردو اخبار نوائے وقت کے مطابق ’ امریکہ ست پارہ اور گومل زام ڈیمز اور بڑے صحت مراکز کی تعمیر کے لیے امداد دے گا۔

اسی بارے میں