چیف آف آرمی سٹاف کو تین سال کی توسیع

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی

وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدتِ ملازمت میں تین سال کی توسیع کر دی ہے۔

وزیرِ اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے جمعرات کو رات گئے قوم سے ایک مختصر خطاب کے دوران جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا اعلان کیا۔

جنرل اشفاق پرویز کیانی کون؟

وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’ملک کے بہترین مفاد میں میں نے وزیرِ اعظم کی حیثیت سے، جنرل کیانی کو، موجودہ پالیسی میں نرمی اختیار کرتے ہوئے، صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی مشاورت کے بعد انتیس نومبر دو ہزار دس سے تین سال کی مدت کی توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

وزیرِ اعظم نے تقریباً تین منٹ پر مشتمل قوم سے خطاب میں اس فیصلے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ ’ان دنوں وطنِ عزیز انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قوم ان عناصر کے خلاف متحد اور پُرعزم ہے جو انتہا پسندی اور دہشت گردی کا راستہ اختیار کر کے ہم پر اپنی مرضی کا نظام مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف سول انتظامیہ اور مسلح افواج نے سوات، مالاکنڈ اور جنوبی وزیرستان میں کامیاب آپریشن کیے ہیں۔ ملٹری آپریشن کی کامیابی چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی قیادت میں ممکن ہوئی‘۔

وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے جنرل اشفاق پرویز کیانی کے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے مختلف متاثرہ حصوں میں جاری دہشت گردی کے خاتمے اور قانون کے نفاذ کے سلسلے میں کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں شامل رہے ہیں۔

Image caption جنرل کیانی ملک میں امن اور ترقی کے لیے جمہوریت کو ناگزیر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں اہم مراحل میں ہیں۔ ان کے بقول ’وقت کا تقاضا ہے کہ ان کارروائیوں کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے عسکری قیادت کا تسلسل برقرار رکھا جائے‘۔

وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں جنرل اشفاق پرویز کیانی کی سپہ سالارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل کیانی ملک میں امن اور ترقی کے لیے جمہوریت کو ناگزیر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’وہ اپنی عسکری قائدانہ صلاحیتوں اور جمہوریت پسندی کے باعث قومی اور بین الاقوامی سطح پر انتہائی احترام اور تحسین کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں‘۔

وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچے گی۔

اسلام آباد سے ہمارے نامہ نگار ظہیرالدین بابر کے مطابق حکومتِ پاکستان کی طرف سے جنرل اشفاق پرویز کیانی کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے فیصلے کو، امریکہ سمیت اُن ملکوں میں پذیرائی حاصل ہو گی جو افغانستان میں القاعدہ اور طالبان کے خلاف محاذ آرا ہیں۔ افغانستان میں نبرد آزما غیر ملکی افواج، اس جنگ کے آخری اور فیصلہ کن دور میں داخل ہو رہی ہیں۔ ایسے حالات میں ہمسایہ ملک پاکستان کی فوجی حکمتِ عملی میں تسلسل اہم ثابت ہو گا۔

اسی بارے میں