صدر زرداری نے گردے عطیہ کر دیے

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اعلان کیا ہے کہ قومی شناختی کارڈ کے فارم میں اعضا عطیہ کرنے کا بھی کالم دیا جائے گا، جب کہ جینیاتی بینک کے قیام پر بھی کام ہوگا۔
کراچی میں جمعرات کو بلاول ہاؤس میں اپنے گردے عطیہ کرنے کی دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وہ ایسی قوم بننا چاہتے ہیں جو اعضا عطیہ کرتی ہو، بطور صدر پاکستان یہ ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس میں پہل کریں جس کے بعد وہ آنے والی نسل سے توقع کریں کہ وہ اس کو اختیار کرے ۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے پر حکومت زیادہ توجہ دے رہی ہے کیونکہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکومت کو کہا ہے کہ جینیاتی بینک کے منصوبے پر بات کی جائے اس پر کام کیا جائے مگر یہ مسقبل کے منصوبے ہیں ان کی حکومت کا پہلا مقصد اپنی قوم کو محفوظ بنانا ہے، جس کے لیے پاکستان اور صوبوں کو مضبوط کرنا ہے ۔
اس موقعے پر انہوں نے ملک کے نامور سرجن ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی کا نام عالمی امن ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا۔
ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عضو کی پیوندکاری کے قانون کے بارے میں یہ تاثر عام تھا کہ یہ منظور نہیں ہوگا کیونکہ ایک گروہ یہ نہیں چاہتا تھا مگر حکومت نے پیوندکاری کا قانون منظور کرکے ایک بڑا کام کیا ہے۔
انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا کہ صحت کے شعبے پر توجہ دی جائے اور اس کے لیے رقومات میں اضافہ کیا جائے۔