ہر کسی کو اپنی اپنی عقل مبارک ہو

آصف زرداری فائل فوٹو

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے بی بی سی اردو کے انٹرویو میں ایک سوال یہ بھی ہوا کہ مخالفین کے اس موقف کے بارے میں آپ کیا کہیں گے کہ پاکستان کی تاریخ کے بدترین سیلاب کے موقع پر اگر آپ ملک میں ہوتے تو کتنا اچھا ہوتا۔ صدر زرداری کا جواب تھا ’ہر کسی کو اپنی اپنی عقل مبارک ہو۔‘

ایک پاکستانی ٹی وی چینل پر پیپلز پارٹی کی ترجمان فوزیہ وہاب سے جب پوچھا گیا کہ صدر زرداری کا دورہ برطانیہ سٹیٹ وزٹ تھا، آفیشل وزٹ ہے یا پھر ورکنگ وزٹ؟

فوزیہ وہاب نے بتایا کہ یہ سٹیٹ وزٹ ہے۔اُن سے پوچھا گیا کہ اگریہ سٹیٹ وزٹ ہےتو پھراُن کے قیام و طعام و پروٹوکول کی ذمہ داری بطور میزبان حکومتِ برطانیہ ہے۔مگر یہ کیسا سٹیٹ وزٹ ہے کہ وہ اپنے خرچے پر ایک ہوٹل میں قیام پذیر رہے اور ملکہ برطانیہ سے بھی ان کی رسمی ملاقات طے نہیں ہوسکی۔

فوزیہ وہاب کا جواب تھا کہ صدر زرداری کی کردار کشی کوئی نئی بات نہیں۔آپ کو تو موقع چاہئیے وغیرہ وغیرہ وغیرہ۔

وفاقی وزیرِ قانون بابر اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جو لوگ صدر زرداری کے دورہ برطانیہ کے مخالف ہیں وہ ملک دشمن اور بیرونی ایجنٹ ہیں۔

صدر کے مشیر فیصل رضا عابدی نے ایک ٹی وی چینل کے مباحثے میں کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے پوری حکومت وزیرِاعظم کی قیادت میں فعال ہے۔

یہ دورہ چھ ماہ پہلے طے ہوا تھا۔اگر صدر یہاں ہوتے بھی تو کیا سیلاب رک جاتا یا وہ اپنی قمیض اتار کر دے دیتے تو مصیبت زدگان کا تن ڈھپ جاتا ؟ اگر ایسا ہی ہے تو لیجیے میں اپنی قمیض ابھی اتار کر دیتا ہوں۔اس سے پہلے کہ فیصل رضا عابدی یہ کردکھاتے ۔اینکر پرسن نے اپیل کی کہ آپ یہاں پر ایسے نہ کریں۔

پنجاب کے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینئر وزیر راجہ ریاض نے کہا کہ جو لوگ اس موقع پر ملک سے صدر زرداری کی غیر حاضری پر تنقید کررہے ہیں وہی لوگ یہ دورہ ملتوی کرنے اور سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے پر یہ کہتے کہ صدر اپنا ذاتی امیج بڑھانے کے لئے سیلاب زدگان کے درمیان کھڑے ہوکر فوٹو سیشن کرا رہے ہیں۔

جو لوگ اس دورے کے بائیکاٹ کا مشورہ دے رہے تھے انہیں چاہئے کہ وہ اپنے غیرملکی پاسپورٹ منسوخ کروائیں اور بیرونِ ملک اپنی جائدادیں بیچ کر اس کے پیسے سیلاب زدگان میں بانٹ دیں۔

ایک چینل کے اینکر نے سیلاب کی براہ راست کوریج کے دوران اپنے گھر کے ملبے پر بیٹھے شخص سے پوچھا۔کیا سوچ رہے ہیں آپ ؟ وہ شخص خاموشی سے اٹھا اور کیمرے کے سامنے سے ہٹ گیا۔

صدر زرداری نے ٹھیک ہی تو کہا ہے کہ ہر کسی کو اپنی اپنی عقل مبارک ہو۔

اسی بارے میں