بس سیلابی ریلے میں بہہ گئی، بارہ ہلاک

Image caption ضلع ڈیرہ غازی خان میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے

پنجاب کے جنوبی ضلع ڈیرہ غازی خان کے قریب ایک مسافر بس سیلابی ریلے میں بہنے کی وجہ سے بارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ اٹھارہ مسافر لاپتہ ہیں۔

بس کراچی سے پشاور جارہی تھی اور ڈیرہ غازی خان سے ایک سو تیس کلومیٹر دور کھڈ بزدار کے علاقے میں یہ حادثہ پیش آیا ہے۔

بس میں پچاس کے قریب مسافر سوار تھے اور ان میں اکثریت کا تعلق صوبہ خیبر پختونخواہ سے بتایا جاتا ہے۔

ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو ڈیرہ غازی خان کے ترجمان محمد حسنین کے مطابق سیلابی ریلے کی وجہ سے بس بے قابو ہوکر مٹی میں دھنس گئی جس کی وجہ سے بارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن کی لاشیں نکالی گئیں۔

ترجمان کے بقول اس حادثے میں اب تک اٹھارہ افراد لاپتہ ہیں جبکہ تیس مسافروں کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق حادثے کی جگہ امدای کارروائیوں کے لیے بھاری مشینری استعمال کی جارہی ہے ۔

ڈیرہ غازی خان جنوبی پنجاب کے ان پانچ اضلاع میں ایک ہے جہاں سیلاب نے بڑے پیمانے پرتباہی پھیلائی ہے اور سیلابی پانی کی وجہ سے اس علاقے کا دیگر اضلاع سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا تھا۔

اسی بارے میں