میران شاہ: ڈرون حملے میں 6 ہلاک

ڈرون
Image caption حملہ افطار کے تقریباً ایک گھنٹے بعد کیا گیا

شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ مں ایک مقامی قبائل کے مکان پر ڈرون حملے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔

علاقے میں پولیٹیکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کی شام آٹھ بجے کے قریب (یعنی افطار کے تقریباً ایک گھنٹے بعد) میران شاہ بازار سے تین کلومیٹر مغرب کی جانب گاؤں ڈانڈے درپا خیل میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک مکان کو نشانہ بنایا۔

اہلکار کے مطابق جس مکان کو نشانہ بنایا گیا اسے حافظ گُل بہادر گروپ کے مقامی طالبان ایک ٹھکانے کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو غیر ملکی بھی بتائے جاتے ہیں تاہم یہ نہیں معلوم ہو سکا ہے کہ ان افراد کی قومیت کیا تھی۔

مقامی انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا کہ مکان پر ود میزائل داغے گئے اور اس سے مکان کے تین کمرے مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

اس واقع سے دو روز پہلے ڈانڈے درپا خیل کے قریب ایک اور گاؤں قطب خیل میں ایک گاڑی کو حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں چار غیر ملکی ہلاک ہوئے تھے جن کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ سب عرب تھے۔

اسی بارے میں