کرّم: بارودی سرنگ کا دھماکہ، پانچ ہلاک

بارودی سرنگ(فائل فوٹو)
Image caption بارودی سرنگ سڑک کے کنارے نصب تھی

پاکستان کے قبائلی علاقے کُرم ایجنسی میں حکام کے مطابق بارودی سرنگ کے دھماکے میں پانچ شدت پسند ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ہ واقعہ سنیچر کو وسطی کُرم کے علاقے سروبی نالے میں اس وقت پیش آیا جب مُسلح شدت پسند ایک پک اپ گاڑی میں اورکزئی ایجنسی سے کُرم ایجنسی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

بی بی سی اردو کے نامہ نگار دلاور خان وزیر کے مطابق اہلکار کا کہنا تھا کہ دھماکے سے گاڑی میں سوار پانچ شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد شدت پسندوں نے لاشوں اور زخمیوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ مزید معلومات کے حصول کے لیے انتظامیہ کے اہلکار مقامی لوگوں سے رابطے میں ہیں تاہم یہ ایک دوردراز پہاڑی علاقہ ہے جہاں رابطہ کرنا آسان نہیں۔

دوسری جانب وادی سوات میں پولیس کے مطابق تحصیل مٹہ کے علاقے پیوچار میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے اُس وقت دو شدت پسندوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جب وہ دیر سے سوات میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

اسی بارے میں