’حکومت مدت پوری کرے گی، قیاس آرائیاں بند کریں‘

یوسف رضا گیلانی

پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کہ حکومت کی تبدیلی کی پشینگوئیاں کرنے والے سمجھ جائیں کہ حکومت جانے والی نہیں ہے اور وہ اپنا وقت ضائع نہ کریں۔

لاہور کے ایوان صعنت وتجارت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ غیر قانونی اور غیر آئینی طریقے سے نکلنے کی کوششوں کی بات کرنے والے یہ بتائیں ان کے پاس کیا متبادل ہے جو تمام لوگوں کو اکھٹا رکھ سکے۔

ان کے بقول کون سی ایسی شخصیت لائیں گے جس پر چار صوبے متفق ہوں اور ایسا نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ایسی سازش کرے گا تو وہ ملک توڑنے کی سازش کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے مفاہمت کی سیاست کرتے ہوئے سب کو اکٹھا رکھا ہے اور ان کے بقول کوئی اور ایسا نہیں کرسکتا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی تو اس وقت بھی یہ بات کی گئی کہ یہ توسیع امریکہ کے کہنے پر کی گئی ہے۔ ’جو لوگ یہ بات کرتے ہیں ان کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ یہ فوج پاکستان کی ہے امریکہ کی نہیں اور جنرل اشفاق کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع میں نے خود کی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’جب سے وزیر اعظم بنا ہوں اس دن سے میری وزرات عظمیٰ کے بارے میں قیاس آرائیاں ہورہی ہیں اور محتلف پیشینگوئیاں کی جارہی ہیں۔ جب میں وزیر اعظم بنا تو پہلے تین ماہ کی توسیع دی گئی پھر چھ اور اس طرح کرتے کرتے مجھے وزارت عظمیٰ پر ڈھائی برس ہوگئے ہیں اور ابھی بھی میں توسیعی مدت پر ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی پیشنگوئیاں کرنے والوں کو شرم اور غیرت آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی باتیں کرنے والے قوم کو گمراہ نہ کریں کیونکہ ایسی باتیں کرنے والوں نے پہلے بھی اپنا وقت ضائع کیا ہے کیونکہ ان کے کہنے سے حکومتیں نہیں بدلتیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور عدلیہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جارہا ہےآ ۔

اسی بارے میں