مشرف کو بلوا کر مقدمہ چلائیں: قرارداد

فائل فوٹو، مشرف
Image caption پنجاب اسمبلی میں حزب مخالف کی جماعت مسلم لیگ قاف کی خاتون رکن اسمبلی نے کہا کہ قرار داد میں ان تمام آمروں کے نام شامل کیے جائیں جنہوں نے آئین کو پامال کرتے ہوئے جمہوری حکومت کو ختم کیا

پنجاب اسمبلی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کو انٹر پول کے ذریعے پاکستان واپس لاکر ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔

یہ مطالبہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں منظور کی جانے والی ایک قرار داد میں کیا گیا جو پنجاب وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے پیش کی تھی۔

رانا ثناء اللہ خان نے سپیکر اسمبلی سے استدعا کی کہ انہیں بارہ اکتوبرانیس سو ننانوے میں جمہوریت کے خاتمے اور آمریت کے آغاز کے سلسلے میں قرار داد پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ سپیکر پنجاب رانا اقبال خان نے صوبائی وزیر کو قرار داد پیش کرنے کی اجازت دے دی۔

رانا ثناء اللہ خان نے قرار داد میں کہا کہ پنجاب اسمبلی بارہ اکتوبر انیس سو ننانوے میں جمہوریت کے خاتمے اور آمریت کے سیاہ دور کے آغاز کو پاکستان کی تاریخ کا بدترین سانحہ قرار دیتا ہے۔

نامہ نگار عبادالحق کا کہنا ہے کہ قرار داد میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت ’آئین کی پامالی اور غداری کے مرتکب آمر‘ پرویز مشرف کو انٹر پول کے ذریعے فوری طور پر وطن واپس لائے اور ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔

صوبائی وزیر نے قرار داد میں یہ بھی کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے ماضی میں آئین ، ریاست اور عوام کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کیا اور اب وہ بیرون ملک پاکستان کی قومی سلامتی سے منافی بیان دے کر ملکی مفادات کو ناقابل تلافی ٹھیس پہنچا رہے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں حزب مخالف کی جماعت مسلم لیگ قاف کی خاتون رکن اسمبلی نے کہا کہ قرار داد میں ان تمام آمروں کے نام شامل کیے جائیں جنہوں نے آئین کو پامال کرتے ہوئے ر جمہوری حکومت کو ختم کیا۔

ادھر مسلم لیگ نون نے بارہ اکتوبر کو یوم سیاہ منایا اور اس ضمن میں پنجاب دارالحکومت میں لاہور میں دفاع جمہوریت کے نام سے سیمینار کا اہتمام کیا جس میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے جنرل پرویز مشرف کے ساتھ ساتھ صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس سے پہلے مسلم لیگ نون نے جنرل پرویزمشرف کے خلاف چارج شیٹ جاری کی جو سترہ مختلف نوعیت کے الزامات اور سات مطالبات پر مشتمل ہے۔

چارج شیٹ میں کہاگیا کہ حکومت جنرل پرویز مشرف کو بیرون سے واپس لائے اور ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ یعنی غداری کے جرم میں مقدمہ چلایا جائے۔

مسلم لیگ نون نے چارج شیٹ میں یہ بھی مطالبہ کیا کہ جنرل مشرف کے استعفے کو ان کی برطرفی میں تبدیل کیا جائے۔

اسی بارے میں